ایئربس کا نیا عالمی ریکارڈ، 24 گھنٹے 24 منٹ میں 23 ہزار 155 کلومیٹر کی نان اسٹاپ پرواز

ایئربس کا نیا عالمی ریکارڈ، 24 گھنٹے 24 منٹ میں 23 ہزار 155 کلومیٹر کی نان اسٹاپ پرواز

طیارہ سازی کی صنعت میں ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم ہوگیا، جہاں ایئربس کے الٹرا لانگ رینج طیارے اے 350-1000 نے مسلسل 24 گھنٹے اور 24 منٹ پرواز کرکے گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔

ایئربس نے باضابطہ طور پر تصدیق کی ہے کہ پراجیکٹ سن رائز کے تحت 27 جولائی 2026 کو آسٹریلیا کے شہر میلبورن سے فرانس کے شہر ٹولوز تک تاریخی پرواز کی گئی، جس کے دوران طیارے نے بغیر کسی وقفے کے 23 ہزار 155 کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا۔

اس طویل پرواز کے دوران طیارے نے بحرالکاہل اور بحرِ اوقیانوس عبور کرتے ہوئے آسٹریلیا، شمالی امریکا اور یورپ کا سفر کیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ پرواز میں سوار مسافروں اور عملے نے دو مرتبہ سورج کو غروب اور دو مرتبہ طلوع ہوتے دیکھا۔

طیارے میں مجموعی طور پر 13 افراد سوار تھے، جن میں ایئربس کے ٹیسٹ پائلٹس، انجینئرز، کنٹاس کے دو پائلٹ، ایک ڈیزائن انجینئر اور انٹرنیشنل ایئروناٹیکل فیڈریشن کا نمائندہ شامل تھا۔

یہ کامیابی جدید فضائی ٹیکنالوجی، ایندھن کے مؤثر استعمال، انجینئرنگ اور طویل فاصلے کی پروازوں کی صلاحیت میں اہم پیش رفت قرار دی جارہی ہے۔

ایئربس کے مطابق طیارے کی پہلی ڈیلیوری اپریل 2027 میں متوقع ہے، جبکہ اسی سال کے آخر میں کمرشل آپریشنز شروع کرنے کا منصوبہ ہے۔

More News