ملک کے بالائی علاقوں میں آج سے بارشوں اور برفباری کے نئے سلسلے کی پیشگوئی
ملک کے بالائی علاقوں میں آج سے بارشوں اور برفباری کے نئے سلسلے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جس کے باعث مختلف علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ آج شام یا رات ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے، جس کے نتیجے میں خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں 14 نومبر تک بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی اور خطہ پوٹھوہار میں 12 اور 13 نومبر کو بارش ہوسکتی ہے، جبکہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی 11 اور 12 نومبر کو بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
موسمی صورتحال کے باعث بالائی علاقوں میں درجہ حرارت مزید کم ہونے اور سردی کی شدت بڑھنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بعض علاقوں میں درجہ حرارت 2 سے 4 ڈگری تک گر سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے سیاحوں کو بالائی علاقوں کا سفر کرتے ہوئے احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ متعلقہ اداروں کو کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔
شہریوں کو موسم کی تازہ صورتحال سے باخبر رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔








