پشاور میں مہنگے داموں ایل پی جی فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن، 4 پلانٹس اور 40 دکانیں سیل

پشاور میں مہنگے داموں ایل پی جی فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن، 4 پلانٹس اور 40 دکانیں سیل

پشاور میں ضلعی انتظامیہ نے مقررہ نرخوں سے زائد قیمتوں پر ایل پی جی فروخت کرنے اور گراں فروشی میں ملوث عناصر کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کرتے ہوئے چار ایل پی جی پلانٹس اور 40 دکانیں سیل کر دیں، جبکہ متعدد دکان مالکان کو گرفتار بھی کر لیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر پشاور آفاق وزیر کے مطابق کارروائی کے دوران رنگ روڈ پر واقع ایکسپریس ایل پی جی پلانٹ کو سیل کرکے اس کے مالک کو گرفتار کیا گیا۔ اس کے علاوہ میرہ کچوڑی میں اے کے ایل پی جی پلانٹ، جی ٹی روڈ جھگڑا میں علی برادرز پلانٹ اور چمکنی میں وولف ایل پی جی پلانٹ کو بھی مقررہ نرخوں سے زائد قیمتوں پر گیس فروخت کرنے پر سیل کیا گیا۔

ضلعی انتظامیہ نے گراں فروشی اور دیگر خلاف ورزیوں پر ضلع بھر میں 40 دکانیں بھی بند کر دیں۔ ان میں تحصیل متنی کی 8، شاہ عالم کی 9، صدر کی 11 اور سٹی کی 12 دکانیں شامل ہیں۔ کارروائیوں کے دوران گرفتار کیے گئے افراد کے خلاف قانون کے مطابق مزید کارروائی جاری ہے، جبکہ ایل پی جی پلانٹس کے مالکان کے خلاف بھی قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

ڈپٹی کمشنر آفاق وزیر کا کہنا ہے کہ عوام کو ایل پی جی سمیت اشیائے ضروریہ مقررہ نرخوں پر فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ ان کے مطابق گراں فروشی اور ناجائز منافع خوری میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور عوام کا استحصال کرنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

More News