ضم شدہ اضلاع کے نوجوانوں کیلئے پشاور میں دو روزہ یوتھ انگیجمنٹ ورکشاپ کا انعقاد
نوجوانوں کو پالیسی سازی کے عمل میں شامل کرنے پر زور، مقامی مسائل کے حل کیلئے نوجوانوں کی تجاویز اور سفارشات حاصل کی جائیں گی، مشیر تعلیم ڈاکٹر عامر عبداللہ
پشاور: ضم شدہ اضلاع کے نوجوانوں کو درپیش مسائل، ان کی صلاحیتوں اور تجاویز سے استفادہ کرنے کے لیے پشاور میں دو روزہ یوتھ انگیجمنٹ ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں نوجوانوں کو پالیسی سازی کے عمل میں براہ راست شامل کرنے اور ان کی آراء کی روشنی میں مؤثر حکمت عملی مرتب کرنے پر زور دیا گیا۔
ورکشاپ کا اہتمام خیبرپختونخوا مرکز برائے انسدادِ پرتشدد انتہا پسندی نے دیگر معاون اداروں کے اشتراک سے کیا۔ ورکشاپ کے پہلے روز گورنر خیبرپختونخوا کے مشیر برائے تعلیم و سماجی بہبود ڈاکٹر عامر عبداللہ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر مختلف ضم شدہ اضلاع سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کو اپنے علاقوں کے مسائل، ضروریات اور ترقی سے متعلق تجاویز پیش کرنے کا موقع فراہم کیا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عامر عبداللہ نے کہا کہ معاشرے میں پائیدار امن کا قیام معاشی سرگرمیوں، کاروبار، روزمرہ زندگی اور نوجوانوں کی صلاحیتوں کو فروغ دینے کے لیے بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ نوجوان صرف مستقبل کے معمار نہیں بلکہ موجودہ دور کے قائدین بھی ہیں، اس لیے معاشرے میں امن، خوشحالی اور مثبت تبدیلی کے لیے ان کا کردار انتہائی اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ ضم شدہ اضلاع کے نوجوان اپنے علاقوں کے زمینی حقائق، مقامی ضروریات اور درپیش مشکلات سے بہتر طور پر واقف ہیں۔ ان کی سوچ، صلاحیتوں اور تجاویز کو پالیسی سازی میں شامل کرکے زیادہ مؤثر اور قابل عمل حکمت عملی تیار کی جاسکتی ہے۔
ڈاکٹر عامر عبداللہ کا کہنا تھا کہ گزشتہ نگران دور حکومت میں قبائلی اضلاع کے نوجوانوں سے بالمشافہ ملاقاتوں کے دوران انہیں ان علاقوں کے مسائل اور نوجوانوں کی صلاحیتوں کو قریب سے سمجھنے کا موقع ملا۔ ان کے بقول نوجوانوں سے حاصل ہونے والا علم ان کی علمی اور عملی معلومات میں اضافے کا باعث بنا۔
مشیر تعلیم نے مزید کہا کہ ورکشاپ کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو ایسا پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے جہاں وہ اپنے علاقوں کے مسائل کی نشاندہی کے ساتھ ان کے حل کے لیے عملی تجاویز بھی پیش کرسکیں۔ اس مقصد کے لیے مختلف اشتراکی ورکنگ گروپس تشکیل دیے گئے ہیں جو قابل عمل سفارشات مرتب کریں گے۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ورکنگ گروپس کی سفارشات کا خود جائزہ لیں گے تاکہ نوجوانوں کی آراء کو پالیسی سازی میں شامل کرکے ضم شدہ اضلاع کی ترقی اور بہتری کے لیے مؤثر اقدامات کیے جاسکیں۔








