ایبٹ آباد ٹریفک پولیس کا غیر رجسٹرڈ موٹر سائیکلوں کے خلاف کریک ڈاؤن، 50 موٹر سائیکلیں بند
ایبٹ آباد میں ٹریفک پولیس نے بغیر رجسٹریشن اور اپلائیڈ فار نمبر پلیٹ والی موٹر سائیکلوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 50 موٹر سائیکلیں تحویل میں لے لیں۔
ریجنل پولیس آفیسر ہزارہ ریجن ڈی آئی جی جہانزیب نذیر اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ایبٹ آباد ہارون رشید کی ہدایات پر یہ کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ ایس ایس پی ٹریفک ایبٹ آباد محمد سلیمان خان کی نگرانی میں خصوصی مہم چلائی جا رہی ہے۔
اس سلسلے میں ایبٹ آباد ٹریفک پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران بغیر رجسٹریشن اور اپلائیڈ فار نمبر پلیٹ والی 50 موٹر سائیکلیں قبضے میں لے کر محکمہ ایکسائز پولیس کے حوالے کر دیں۔
ٹریفک پولیس حکام کے مطابق اس مہم کا مقصد غیر قانونی اور غیر رجسٹرڈ گاڑیوں کی روک تھام، ٹریفک قوانین پر عمل درآمد یقینی بنانا اور شہریوں کے لیے محفوظ ٹریفک نظام کو فروغ دینا ہے۔
ایبٹ آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی موٹر سائیکلوں اور دیگر گاڑیوں کی بروقت رجسٹریشن کروائیں اور اپلائیڈ فار نمبر پلیٹ کے بجائے مستقل قانونی نمبر پلیٹ لگوائیں۔
حکام نے خبردار کیا ہے کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور شہریوں سے قانون کی پابندی یقینی بنانے کی اپیل کی ہے۔








