خواتین کے حقوق کا معاملہ، افغانستان کے ساتھ دوطرفہ کرکٹ سیریز نہ کھیلنے کا اسکاٹ لینڈ کا اعلان

خواتین کے حقوق کا معاملہ، افغانستان کے ساتھ دوطرفہ کرکٹ سیریز نہ کھیلنے کا اسکاٹ لینڈ کا اعلان

افغانستان میں خواتین اور لڑکیوں پر عائد پابندیوں کے خلاف کرکٹ اسکاٹ لینڈ نے بھی افغانستان کے ساتھ دوطرفہ کرکٹ سیریز نہ کھیلنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کرکٹ اسکاٹ لینڈ نے افغانستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ اپنے روابط کا جائزہ لینے کے بعد نئی پالیسی متعارف کرائی ہے، جس کے تحت اسکاٹ لینڈ اب افغانستان کے ساتھ دوطرفہ کرکٹ سیریز نہیں کھیلے گا۔

کرکٹ اسکاٹ لینڈ کے مطابق افغانستان کے خلاف صرف انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے زیر اہتمام ایونٹس میں ہی میچز کھیلے جائیں گے، جبکہ ان مقابلوں کے تحت ضروری وارم اپ میچز بھی اس فیصلے میں شامل ہوں گے۔

بورڈ نے واضح کیا ہے کہ جب تک افغانستان میں خواتین کی کرکٹ اور انسانی حقوق کی صورتحال میں نمایاں بہتری نہیں آتی، اس وقت تک افغانستان کے ساتھ اپنی طرف سے کسی دوطرفہ سیریز کا شیڈول ترتیب نہیں دیا جائے گا۔

دوسری جانب افغانستان پریمیئر لیگ کے ڈرافٹ میں اسکاٹ لینڈ کے اوپننگ بیٹر جارج منسی کو منتخب کیا گیا ہے۔ کرکٹ اسکاٹ لینڈ کا کہنا ہے کہ لیگ کو آئی سی سی کی منظوری ملنے کی صورت میں منسی کو این او سی جاری کیا جائے گا۔

بورڈ نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ کسی کھلاڑی کی لیگ میں شرکت کو افغانستان میں حکومتی پالیسیوں کی حمایت تصور نہیں کیا جائے گا۔

More News