اورکزئی: ایف سی ونگ کمانڈر کی مقامی مشران سے ملاقات، بچوں کی ٹرانسپورٹ کا خرچ اٹھانے کی یقین دہانی

اورکزئی: ایف سی ونگ کمانڈر کی مقامی مشران سے ملاقات، بچوں کی ٹرانسپورٹ کا خرچ اٹھانے کی یقین دہانی

ضلع اورکزئی کے علاقے گرانڈو میں فرنٹیئر کور کے ونگ کمانڈر نے مقامی پولیس کے ہمراہ علاقے کے مشران اور رہائشیوں سے ملاقات کی، جہاں انہوں نے عوام کو درپیش مسائل اور مشکلات سنے اور ان کے حل اور فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

ملاقات کے دوران مقامی مشران نے علاقے میں دہشت گردی کی مخالفت کرتے ہوئے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے علاقے کے عوامی مسائل سے بھی آگاہ کیا۔

اس موقع پر مقامی آبادی نے بچوں کو قریبی اسکول تک پہنچنے کے لیے طویل فاصلہ طے کرنے کے مسئلے کی نشاندہی کی اور اسے تعلیم کے حصول میں ایک بڑی رکاوٹ قرار دیا۔

ونگ کمانڈر نے بچوں کی تعلیمی سہولت کے لیے ٹرانسپورٹ کے اخراجات مقامی ونگ کی جانب سے برداشت کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ اس اقدام کا مقامی آبادی نے خیرمقدم کیا اور اسے بچوں کی تعلیم تک رسائی آسان بنانے میں مددگار قرار دیا۔

ونگ کمانڈر نے مزید کہا کہ علاقے کے کسی بھی رہائشی کو بیماری یا کسی دوسری مشکل کا سامنا ہو تو وہ ضروری طبی امداد اور تعاون کے لیے ونگ ہیڈکوارٹر سے رابطہ کر سکتا ہے۔

ملاقات میں عوامی مسائل کے حل، تعلیم کی سہولت اور طبی معاونت کے حوالے سے تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی۔

 

More News