متحدہ عرب امارات میں نئے ٹریفک قوانین نافذ کرنے کا اعلان

متحدہ عرب امارات میں یکم جنوری 2027 سے نئے ٹریفک قوانین نافذ کرنے کا اعلان

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں ٹریفک نظام کو مزید محفوظ اور منظم بنانے کے لیے نئے قوانین متعارف کرانے کا اعلان کر دیا گیا ہے، جن کا اطلاق یکم جنوری 2027 سے ہوگا۔ نئے قوانین کے تحت پیشہ ور ڈرائیورز کے روزانہ ڈرائیونگ اوقات محدود کرنے، تھکن یا نیند کی حالت میں گاڑی چلانے پر پابندی اور ڈرائیونگ لائسنس کی مدت سے متعلق اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

حکام کے مطابق نئے ٹریفک قوانین کا بنیادی مقصد سڑکوں پر حادثات کی روک تھام، ڈرائیورز کی حفاظت کو یقینی بنانا اور ٹریفک کے مجموعی نظام کو بہتر بنانا ہے۔ ان قوانین کے تحت ٹیکسی، ٹرک، بس اور ڈیلیوری سروسز سے وابستہ پیشہ ور ڈرائیورز 24 گھنٹوں کے دوران 9 گھنٹے سے زیادہ گاڑی نہیں چلا سکیں گے۔

نئے ضوابط کے مطابق ڈرائیورز کو مقررہ دورانیے سے زیادہ مسلسل ڈرائیونگ کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ تھکن، غنودگی یا نیند کی کیفیت میں گاڑی چلانے پر بھی پابندی عائد کی جائے گی۔ اس اقدام کا مقصد طویل اوقات تک ڈرائیونگ کے باعث پیش آنے والے حادثات کو کم کرنا اور ڈرائیورز سمیت دیگر سڑک استعمال کرنے والوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔

ڈرائیونگ لائسنس کی مدت کے حوالے سے بھی اہم تبدیلی متعارف کرائی گئی ہے۔ نئے قوانین کے تحت متحدہ عرب امارات اور دیگر خلیجی ممالک کے شہریوں کے ڈرائیونگ لائسنس 10 سال کے لیے جاری کیے جائیں گے، جبکہ غیر ملکی رہائشیوں کو 5 سال کی مدت کے لیے ڈرائیونگ لائسنس فراہم کیے جائیں گے۔

وفاقی ٹریفک کونسل کو ڈرائیونگ کے لیے مقررہ 9 گھنٹے کے دورانیے میں ضرورت کے مطابق تبدیلی کرنے کا اختیار بھی دے دیا گیا ہے۔ اس اختیار کا اطلاق نجی اور پیشہ ور دونوں طرح کے ڈرائیورز پر ہوگا، جس کے تحت متعلقہ حکام ٹریفک اور حفاظتی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے اوقات کار میں ردوبدل کر سکیں گے۔

بچوں کی حفاظت کے لیے بھی نئے قوانین میں خصوصی اقدامات شامل کیے گئے ہیں۔ چار سال اور اس سے کم عمر بچوں کو گاڑی میں سفر کے دوران لازمی طور پر مخصوص حفاظتی نشست (چائلڈ کار سیٹ) پر بٹھانا ہوگا تاکہ کسی حادثے کی صورت میں بچوں کو ممکنہ چوٹوں سے محفوظ رکھا جا سکے۔

اس کے علاوہ ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا اور تجدید کے لیے بینائی کی جانچ کے نئے معیار بھی مقرر کیے گئے ہیں۔ مختلف اقسام کی گاڑیاں چلانے والے ڈرائیورز کے لیے بینائی کے الگ الگ معیار ہوں گے اور لائسنس کی تجدید سے قبل بینائی کا ٹیسٹ کروانا لازمی ہوگا۔

حکام کا کہنا ہے کہ نئے ٹریفک قوانین پر عمل درآمد سے متحدہ عرب امارات میں سڑکوں کی حفاظت بہتر بنانے، ڈرائیورز کی ذمہ داریوں کا تعین کرنے اور ٹریفک حادثات میں کمی لانے میں مدد ملے گی۔

More News