این ویڈیا کے سربراہ جینسن ہوانگ کے چینی خاتون سے مبینہ روابط، جاسوسی کے الزامات کی تحقیقات شروع
واشنگٹن: دنیا کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی این ویڈیا کے چیف ایگزیکٹو جینسن ہوانگ کے ایک چینی کاروباری خاتون سے قریبی تعلقات اور ان کے مبینہ طور پر جاسوسی سے منسلک ہونے کے الزامات سامنے آنے کے بعد معاملے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
امریکی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی اور خود این ویڈیا نے بھی اس معاملے کی آزادانہ تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق انٹیلی جنس حکام کو شبہ ہے کہ چینی کاروباری خاتون ایلس ہوانگ مبینہ طور پر بیجنگ کے لیے جاسوسی کرتی تھیں، تاہم یہ واضح نہیں ہو سکا کہ انہوں نے مبینہ طور پر کون سی خفیہ معلومات چین کو فراہم کیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی اس معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے جینسن ہوانگ سے خاتون کے جاسوس ہونے سے متعلق سوال کیا تھا، جس پر ہوانگ نے لاعلمی کا اظہار کیا۔ ٹرمپ کے مطابق انہیں ہوانگ کی وضاحت پر یقین ہے۔
دوسری جانب این ویڈیا کا کہنا ہے کہ کمپنی کے بورڈ کو ایسے شواہد نہیں ملے جن سے ثابت ہو کہ کمپنی کے تجارتی راز یا امریکی قومی سلامتی کو نقصان پہنچا ہے۔ کمپنی کے مطابق جینسن ہوانگ اپنی قیادت جاری رکھنے کے لیے پُرعزم ہیں۔
ادھر چین نے جاسوسی کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔ تحقیقات کے نتائج سامنے آنے تک معاملے کے مختلف پہلوؤں اور مبینہ معلومات کی منتقلی سے متعلق صورتحال غیر واضح ہے۔








