کراچی میں بھتہ مافیا کے خلاف رینجرز اور پولیس کا آپریشن، 4 ملزمان گرفتار
کراچی: پاکستان رینجرز سندھ اور ایس آئی یو پولیس نے شہر کے علاقے پاپوش نگر میں بھتہ مافیا کے خلاف مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا، جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں 3 ملزمان زخمی ہو گئے۔
ترجمان پاکستان رینجرز سندھ کے مطابق گرفتار ملزمان کا تعلق صمد کاٹھیاواڑی اور جمیل چھانگا گروہ سے ہے۔ کارروائی کے دوران تین انتہائی مطلوب ملزمان ضمیر عرف پرنس، محمد شاکر اور برکت علی عرف براہ کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا، جبکہ محمد زہیم کو بغیر مزاحمت حراست میں لیا گیا۔ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور گولیاں بھی برآمد کی گئی ہیں۔
رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان کاروباری افراد کی معلومات گروہ کو فراہم کرنے اور بھتہ نہ دینے والوں کو خوفزدہ کرنے کے لیے فائرنگ کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔ ملزمان پر شہر میں زیر تعمیر عمارتوں اور کاروباری مراکز پر بھتہ وصولی کے لیے فائرنگ کرنے کے الزامات بھی ہیں۔
ترجمان کے مطابق برکت علی عرف براہ جمیل چھانگا گروہ کا اہم کارندہ ہے، جبکہ ضمیر عرف پرنس اور محمد شاکر صمد کاٹھیاواڑی اور اویس ڈاڈا کے نیٹ ورک سے منسلک ہیں۔ گرفتار ملزمان کے ماضی میں ڈکیتی، غیر قانونی اسلحے اور منشیات فروشی سمیت مختلف مقدمات میں ملوث ہونے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔
رینجرز کا کہنا ہے کہ 24 اکتوبر 2026 سے اب تک کراچی میں بھتہ مافیا کے خلاف یہ چوتھی بڑی مشترکہ کارروائی ہے۔ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔








