مائیکروسافٹ کا چینی ساختہ آلات پر امریکی پابندی روکنے کا مطالبہ

مائیکروسافٹ کا چینی ساختہ آلات پر امریکی پابندی روکنے کا مطالبہ

واشنگٹن: امریکی ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ نے ٹرمپ انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ڈیٹا سینٹرز میں استعمال ہونے والے چینی ساختہ اہم آلات کی درآمد پر پابندی عائد کرنے کا منصوبہ روک دیا جائے۔

امریکی حکومت چینی ساختہ آپٹیکل ٹرانسیورز کی درآمد پر پابندی لگانے پر غور کر رہی ہے۔ یہ آلات ڈیٹا سینٹرز میں فائبر آپٹک کیبلز کے ذریعے انتہائی تیز رفتاری سے معلومات کی ترسیل کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔

امریکی حکام کو خدشہ ہے کہ ان آلات کے ذریعے چین حساس ڈیٹا چوری کرنے، نقصان دہ سافٹ ویئر نصب کرنے یا امریکی ڈیٹا سینٹرز کی خدمات متاثر کرنے کی صلاحیت حاصل کر سکتا ہے۔

تاہم مائیکروسافٹ سمیت متعدد امریکی ٹیکنالوجی کمپنیوں کا مؤقف ہے کہ ایسی پابندی سے ڈیٹا سینٹرز کی تعمیر متاثر ہوگی اور مصنوعی ذہانت کے شعبے میں امریکا کی عالمی برتری کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

مائیکروسافٹ کے امریکا میں اس وقت 35 ڈیٹا سینٹرز زیر تعمیر ہیں، جبکہ مزید 134 منصوبے منصوبہ بندی کے مراحل میں ہیں۔ ٹیکنالوجی انڈسٹری کے مطابق اے آئی چپس کی خریداری کے باوجود آپٹیکل ٹرانسیورز کی عدم دستیابی ان کے مؤثر استعمال میں رکاوٹ بن سکتی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق چین عالمی آپٹیکل ٹرانسیور مارکیٹ کے تقریباً دو تہائی حصے پر قابض ہے، جس کے باعث ان آلات کی درآمد پر پابندی امریکی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے لیے سپلائی چین کا اہم مسئلہ بن سکتی ہے۔

More News