پشاور میں نادرا اسسٹنٹ ڈائریکٹر قتل کیس میں اہم پیشرفت، ملزمان کی گرفتاری کے لیے اقدامات تیز
پشاور: حیات آباد میں نادرا کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر فہد کے قتل کیس کی تحقیقات میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ پولیس نے فرار ہونے والے مبینہ ٹارگٹ کلرز کے خلاف کارروائی مزید تیز کرتے ہوئے ان کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں شامل کروا دیے ہیں، جبکہ ملزمان کے شناختی کارڈز بھی بلاک کر دیے گئے ہیں۔
ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد سمیع کے مطابق پولیس نے سیف سٹی منصوبے کے کیمروں سے واردات سے قبل اور بعد میں استعمال ہونے والے تمام ممکنہ راستوں کی فوٹیج حاصل کر لی ہے۔ فوٹیج کے تجزیے سے معلوم ہوا ہے کہ واردات کے بعد ملزمان شہر کے سدرن روڈ کے راستے فرار ہوئے تھے۔
ایس ایس پی انویسٹی گیشن نے بتایا کہ ملزمان کا کریمنل ڈیٹا سسٹم میں ریکارڈ موجود ہے، جبکہ ان کی شناخت اور دیگر تفصیلات متعلقہ اداروں کے ساتھ بھی شیئر کی گئی ہیں۔ نادرا سمیت دیگر متعلقہ اداروں کو ملزمان کے بارے میں آگاہ کر دیا گیا ہے تاکہ ان کی گرفتاری کے لیے معاونت حاصل کی جا سکے۔
پولیس افسر کے مطابق مقتول اسسٹنٹ ڈائریکٹر فہد کا یونیورسٹی ٹاؤن سے تعاقب کیا گیا تھا۔ وہ اپنی بلٹ پروف گاڑی میں حیات آباد تک پہنچے، تاہم مبینہ حملہ آور ان کا پیچھا کرتے ہوئے نادرا دفتر کے باہر پہنچ گئے۔ تحقیقات میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ ملزمان نے واردات سے قبل جائے وقوعہ کی کئی مرتبہ ریکی کی تھی۔
ایس ایس پی انویسٹی گیشن کے مطابق مقتول کی بلٹ پروف گاڑی کے باعث مرکزی ملزم نے اپنے ایک ساتھی کو سواری کے طور پر ساتھ رکھا، جبکہ دیگر ساتھی بھی گھر سے نادرا دفتر تک ان کی نقل و حرکت پر نظر رکھے ہوئے تھے۔ پولیس کا ابتدائی مؤقف ہے کہ قتل کی واردات مبینہ ذاتی دشمنی کا نتیجہ تھی۔
واضح رہے کہ 6 نومبر کو حیات آباد میں نادرا دفتر کے باہر نامعلوم مسلح افراد نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر فہد کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا تھا۔ واقعے کے بعد پولیس نے تحقیقات شروع کیں اور ملزمان کی شناخت کے لیے مختلف ذرائع سے شواہد اکٹھے کیے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سیف سٹی کیمروں کی فوٹیج، کریمنل ریکارڈ اور دیگر تکنیکی شواہد کی مدد سے ملزمان تک پہنچنے کی کوشش جاری ہے۔ فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں، جبکہ کیس میں مزید پیشرفت متوقع ہے








