امریکہ میں 24 گھنٹے تک دفن رہنے والا 11 ماہ کا بچہ زندہ نکال لیا گیا

امریکا: 24 گھنٹے تک جنگل میں دفن 11 ماہ کا بچہ زندہ برآمد

امریکی ریاست جنوبی کیرولینا میں ایک انتہائی افسوسناک اور حیران کن واقعہ پیش آیا جہاں تقریباً 24 گھنٹے تک جنگل میں دفن رہنے والے 11 ماہ کے شیر خوار بچے کو زندہ حالت میں نکال لیا گیا۔ بچے کو ایک چھوٹے پنجرے میں بند کرکے تولیے میں لپیٹا گیا تھا اور مٹی کے نیچے دفن کیا گیا تھا۔ خوش قسمتی سے سرچ آپریشن کے دوران بچے کے رونے کی آواز سن کر امدادی اہلکاروں نے اسے بحفاظت باہر نکال لیا۔

لیکسنگٹن کاؤنٹی شیرف ڈیپارٹمنٹ کے مطابق بچے کو اس کے دادا کے گھر سے تقریباً 50 گز کے فاصلے پر واقع جنگل میں دفن کیا گیا تھا۔ حکام کو بچے کی گمشدگی کی اطلاع ملنے کے بعد بڑے پیمانے پر تلاش کا عمل شروع کیا گیا، جس میں 100 سے زائد افراد نے حصہ لیا۔

شیرف نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ سرچ پارٹی کو جنگل میں ایک مقام پر تازہ کھدی ہوئی مٹی دکھائی دی۔ مشکوک جگہ کی کھدائی کی گئی تو اندر ایک چھوٹا پنجرہ ملا، جس میں 11 ماہ کا بچہ موجود تھا۔ اہلکاروں نے جب بچے کو نکالنے کے لیے کارروائی شروع کی تو اندر سے رونے کی آواز سنائی دی، جس کے بعد اسے زندہ دیکھ کر امدادی ٹیم نے اطمینان کا اظہار کیا۔

شیرف نے اس واقعے کو غیر معمولی قرار دیتے ہوئے کہا کہ بچے کا زندہ ملنا کسی معجزے سے کم نہیں۔ ان کے مطابق بچے کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اس کی حالت خطرے سے باہر قرار دی ہے۔ طبی عملے کو امید ہے کہ بچہ جلد مکمل صحت یاب ہو جائے گا۔

پولیس کے مطابق بچے کی والدہ اسے اپنے شوہر کے پاس چھوڑ کر کسی کام سے باہر گئی تھیں، تاہم واپسی پر بچہ لاپتہ پایا گیا۔ اس کے بعد حکام کو اطلاع دی گئی اور تلاش کا سلسلہ شروع ہوا۔

واقعے کے سلسلے میں بچے کا 25 سالہ والد پہلے ہی چوری اور گرفتاری کے دوران مزاحمت کے الزامات کے تحت حراست میں ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس واقعے کے حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں اور ملزم کے خلاف اضافی قانونی دفعات عائد کرنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔

شیرف نے بچے کی تلاش میں حصہ لینے والے تمام افراد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سب سے اہم بات یہ ہے کہ 11 ماہ کا معصوم بچہ زندہ مل گیا۔ واقعے کی مکمل وجوہات اور ذمہ داری کا تعین پولیس تحقیقات کے بعد سامنے آئے گا۔

More News

Breaking

خیبرپختونخوا بیوروکریسی میں بڑی اکھاڑ پچھاڑ، تین اعلیٰ افسران کے تبادلوں اور تعیناتیوں کے احکامات جاری

خیبرپختونخوا بیوروکریسی میں اہم ردوبدل، تین اعلیٰ افسران کے تبادلوں اور تعیناتیوں کے احکامات جاری پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے صوبائی بیوروکریسی میں اہم انتظامی تبدیلیاں

Read More »