قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے پاکستان کو اے ڈی بی کا 50 کروڑ ڈالر قرض منظور
اسلام آباد: ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے پاکستان کے لیے قدرتی آفات سے نمٹنے اور ان کے اثرات کم کرنے کی صلاحیت بہتر بنانے کے لیے 50 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دے دی ہے۔
اے ڈی بی کے مطابق پاکستان کو سیلاب، زلزلوں اور دیگر قدرتی آفات کے باعث ہر سال تقریباً 2 ارب ڈالر کا معاشی نقصان برداشت کرنا پڑتا ہے۔ منظور شدہ قرض کا مقصد قدرتی آفات کے بعد پاکستان کو فوری بجٹ معاونت فراہم کرنا اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے مالی وسائل کی دستیابی یقینی بنانا ہے۔
بینک نے بتایا کہ 2022 کے تباہ کن سیلاب سے پاکستان کو 14.9 ارب ڈالر کا براہِ راست نقصان ہوا، جبکہ مجموعی معاشی نقصانات 15.2 ارب ڈالر تک پہنچ گئے تھے۔ ان سیلابوں کے نتیجے میں تقریباً 91 لاکھ افراد غربت کا شکار ہوئے۔
اے ڈی بی کے مطابق قدرتی آفات سے غریب اور دیہی آبادی سب سے زیادہ متاثر ہوتی ہے، جبکہ خواتین اور لڑکیوں کو بھی ان حالات میں غیر متناسب مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس پروگرام کے تحت آفات سے بچاؤ، خطرات کے انتظام اور متاثرہ کمزور طبقات کے تحفظ کے اقدامات بہتر بنائے جائیں گے۔
قرض کے ذریعے پاکستان کی ترقیاتی منصوبہ بندی میں قدرتی آفات سے تحفظ کو شامل کرنے، ڈیزاسٹر رسک فنانسنگ نظام مضبوط بنانے اور آفات کے بعد مالی وسائل کی فوری فراہمی کے انتظامات بہتر کرنے میں مدد ملے گی۔
اے ڈی بی کا کہنا ہے کہ قدرتی آفات سے پہلے مؤثر تیاری انسانی جانوں اور معاشی وسائل کو محفوظ بنانے کے ساتھ مستقبل کے نقصانات میں بھی کمی لا سکتی ہے۔ بینک نے پاکستان کی آفات سے نمٹنے کی استعداد بڑھانے کے لیے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔








