نئے ٹیکس دہندگان کو بڑی سہولت، ایف بی آر نے 25 ہزار روپے کا سرچارج ختم کردیا
اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے نئے ٹیکس دہندگان کے لیے بڑی سہولت کا اعلان کرتے ہوئے ایکٹو ٹیکس پیئر لسٹ (اے ٹی ایل) میں شمولیت کے لیے 25 ہزار روپے کا سرچارج ختم کر دیا ہے۔ نئے ٹیکس دہندگان اب اضافی سرچارج ادا کیے بغیر فہرست میں شامل ہو سکیں گے، تاہم اس کے لیے مخصوص شرائط پوری کرنا ہوں گی۔
ایف بی آر کے مطابق سرچارج سے چھوٹ حاصل کرنے والے ٹیکس دہندگان کو آئندہ چھ ماہ تک جائیداد خریدنے یا حاصل نہ کرنے کی انڈرٹیکنگ جمع کرانا ہوگی۔ اس مقصد کے لیے ادارے نے نیا فارم اے ٹی ایل یو متعارف کرا دیا ہے، جس کے ذریعے ٹیکس دہندگان آئی آر آئی ایس (IRIS) سسٹم پر الیکٹرانک انڈرٹیکنگ جمع کرا سکیں گے۔
نئے طریقہ کار کے تحت انڈرٹیکنگ جمع کرانے کے بعد متعلقہ ٹیکس دہندگان چھ ماہ تک کوئی جائیداد خرید یا حاصل نہیں کر سکیں گے۔ ایف بی آر اس دوران ان کی جائیداد سے متعلق سرگرمیوں کی نگرانی بھی کرے گا تاکہ مقررہ شرائط پر عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔
ایف بی آر نے واضح کیا ہے کہ اگر کوئی ٹیکس دہندہ چھ ماہ کی مقررہ مدت کے دوران جائیداد خریدتا یا حاصل کرتا ہے تو اسے دی گئی سرچارج کی چھوٹ ختم ہو جائے گی۔
اس اقدام کا مقصد نئے ٹیکس دہندگان کو ٹیکس نظام میں شامل ہونے کی سہولت فراہم کرنا اور انہیں اضافی مالی بوجھ کے بغیر ایکٹو ٹیکس پیئر لسٹ کا حصہ بننے کا موقع دینا ہے۔







