ایران امریکا تنازع کے اثرات، خلیجی ممالک کو پاکستانی برآمدات میں 32.3 فیصد کمی

ایران امریکا تنازع کے اثرات، خلیجی ممالک کو پاکستانی برآمدات میں 32.3 فیصد کمی

اسلام آباد: ایران امریکا تنازع کے دوران پاکستان کی خلیجی ممالک کو برآمدات میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، مارچ سے جون 2026 کے دوران پاکستانی برآمدات گزشتہ سال کے مقابلے میں 32.3 فیصد کم ہوگئیں۔

دستیاب دستاویز کے مطابق مارچ سے جون 2025 کے دوران خلیجی ممالک کو پاکستان کی برآمدات 98 کروڑ 6 لاکھ ڈالر تھیں، جو رواں سال اسی عرصے میں کم ہو کر 66 کروڑ 37 لاکھ ڈالر رہ گئیں۔ اس طرح چار ماہ کے دوران برآمدات میں تقریباً 31 کروڑ 69 لاکھ ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

دستاویز میں مزید بتایا گیا ہے کہ جولائی سے اکتوبر 2026 کے دوران بھی خلیجی ممالک کو پاکستانی برآمدات میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 6.4 فیصد کمی ہوئی۔

ملک وار اعداد و شمار کے مطابق مارچ سے جون 2026 کے دوران متحدہ عرب امارات کو پاکستانی برآمدات میں 42.7 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ سعودی عرب کو برآمدات 1.7 فیصد اور عمان کو 25.1 فیصد کم ہوئیں۔

اعداد و شمار کے مطابق ایران امریکا تنازع کے دوران خطے میں پیدا ہونے والی صورتحال کے ساتھ پاکستانی برآمدات بھی متاثر ہوئیں، جس سے خلیجی منڈیوں میں پاکستان کی تجارتی سرگرمیوں پر دباؤ بڑھنے کے خدشات سامنے آئے ہیں۔

خلیجی ممالک پاکستان کے اہم تجارتی شراکت داروں میں شمار ہوتے ہیں، اس لیے برآمدات میں مسلسل کمی ملکی تجارتی آمدن اور برآمدی شعبے کے لیے اہم چیلنج بن سکتی ہے۔

More News