ٹرمپ کے 10 ارب ڈالر ہرجانے کے مقدمے میں بی بی سی کو دھچکا، عدالت نے کیس خارج کرنے کی درخواست مسترد کردی
فلوریڈا: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے خلاف 10 ارب ڈالر ہرجانے کے ہتکِ عزت مقدمے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں امریکی وفاقی عدالت نے بی بی سی کی مقدمہ خارج کرنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے قانونی کارروائی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
فلوریڈا کی وفاقی عدالت کے جج جیفری کنٹز نے قرار دیا کہ ٹرمپ کی جانب سے عائد کردہ ہتکِ عزت کے الزامات ابتدائی مرحلے پر مقدمے کو آگے بڑھانے کے لیے کافی ہیں۔ تاہم عدالت نے فلوریڈا کے غیرمنصفانہ تجارتی طریقوں سے متعلق قانون کے تحت ٹرمپ کا ایک علیحدہ دعویٰ مسترد کردیا۔
ٹرمپ نے یہ مقدمہ بی بی سی کے ایک دستاویزی پروگرام میں ان کی 6 جنوری 2021 کی تقریر کی ایڈیٹنگ پر دائر کیا تھا۔ امریکی صدر کا مؤقف ہے کہ ادارے نے تقریر کے مختلف حصوں کو جوڑ کر اس انداز میں نشر کیا جس سے یہ تاثر پیدا ہوا کہ انہوں نے اپنے حامیوں کو کیپیٹل ہل پر حملے کے لیے براہِ راست اکسایا تھا۔
بی بی سی اس معاملے پر پہلے ہی معذرت کرتے ہوئے تسلیم کر چکا ہے کہ پروگرام کی ایڈیٹنگ سے غلط تاثر پیدا ہوا تھا۔ تاہم ادارے نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ دستاویزی پروگرام امریکا میں نشر یا دستیاب نہیں تھا اور اس بنیاد پر مقدمہ خارج کیا جانا چاہیے۔
عدالتی فیصلے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر اسے اپنی بڑی فتح قرار دیا، جبکہ بی بی سی کے ترجمان نے فیصلے پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ قانونی کارروائی کے دوران اپنا دفاع جاری رکھے گا۔
واضح رہے کہ عدالت کا موجودہ فیصلہ صرف مقدمے کو آگے بڑھانے سے متعلق ہے، اس سے ٹرمپ کے الزامات درست ثابت نہیں ہوئے اور نہ ہی کسی ہرجانے کی ادائیگی کا حکم دیا گیا ہے۔








