میرانشاہ میں پیٹرول پمپس کا معائنہ، سرکاری نرخوں پر فروخت یقینی بنانے کی ہدایت
میرانشاہ: شمالی وزیرستان کی ضلعی انتظامیہ نے پیٹرول کی دستیابی اور سرکاری نرخوں پر فروخت یقینی بنانے کے لیے میرانشاہ شہر کے مختلف پیٹرول پمپس کا معائنہ کیا اور مالکان کو عوام کو مقررہ قیمت پر ایندھن فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔
ڈپٹی کمشنر شمالی وزیرستان محمد تیمور خان آفریدی کی خصوصی ہدایات پر تحصیلدار میرانشاہ نے متعلقہ عملے کے ہمراہ مختلف پیٹرول پمپس کا دورہ کیا۔ اس دوران پیٹرول کی دستیابی، ذخیرے کی صورتحال اور فروخت کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
معائنے کے موقع پر پیٹرول پمپ مالکان کو ہدایت کی گئی کہ عوام کو پیٹرول کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے اور سرکاری طور پر مقرر کردہ نرخوں کے مطابق ہی فروخت کی جائے۔ انتظامی حکام نے واضح کیا کہ پیٹرول کی مصنوعی قلت پیدا کرنے، غیرقانونی ذخیرہ اندوزی اور مقررہ قیمت سے زائد وصولی کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق سرکاری احکامات کی خلاف ورزی کرنے والے پیٹرول پمپ مالکان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ متعلقہ عملے کو بھی ہدایت کی گئی کہ پیٹرول پمپس کی نگرانی کا سلسلہ جاری رکھا جائے اور کسی بھی خلاف ورزی کی فوری نشاندہی کی جائے۔
ڈپٹی کمشنر محمد تیمور خان آفریدی نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے، ایندھن کی دستیابی برقرار رکھنے اور سرکاری نرخوں پر فروخت یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔
ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ اگر کسی پیٹرول پمپ پر زائد قیمت وصول کرنے، پیٹرول کی غیرقانونی ذخیرہ اندوزی یا مصنوعی قلت پیدا کرنے کی شکایت ہو تو متعلقہ حکام کو آگاہ کریں تاکہ فوری کارروائی عمل میں لائی جاسکے۔








