عظمیٰ بخاری کے بیان پر مسلم لیگ (ق) کا ردِعمل، سیاسی اختلاف کو ذاتی حملوں میں تبدیل نہ کرنے کا مطالبہ

عظمیٰ بخاری کے بیان پر مسلم لیگ (ق) کا ردِعمل، سیاسی اختلاف کو ذاتی حملوں میں تبدیل نہ کرنے کا مطالبہ

لاہور: پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کی جانب سے چوہدری برادران اور وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین پر تنقید کے بعد پاکستان مسلم لیگ (ق) کا ردِعمل بھی سامنے آگیا ہے۔

مسلم لیگ (ق) کے رہنماؤں نے عظمیٰ بخاری کے بیان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی اختلاف کا جواب ذاتی حملوں اور طنزیہ جملوں کے بجائے ٹھوس دلائل سے دیا جانا چاہیے۔

پارٹی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات اور ترجمان غلام مصطفیٰ ملک نے کہا کہ چوہدری سالک حسین کا مؤقف واضح ہے اور ان کا مقصد عوامی مسائل کا حل ہے۔ انہوں نے کہا کہ عظمیٰ بخاری سیاسی اختلاف کو ذاتی معاملہ نہ بنائیں۔

ترجمان کے مطابق چوہدری سالک حسین نے اپنے انٹرویو میں ڈپٹی کمشنر کی تعیناتی کا ذکر نہیں کیا، اس لیے ان کے بیان کو صرف انتظامی عہدوں کی تعیناتی سے جوڑنا درست نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سرکاری افسران کی تعیناتی سے زیادہ اہم ان کی کارکردگی اور عوام کو فراہم کی جانے والی خدمات ہیں۔

دوسری جانب مسلم لیگ (ق) کی مرکزی مجلس عاملہ کے رکن محمد صادق شیخ نے بھی عظمیٰ بخاری کے بیان پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی سیاسی رہنما کے مؤقف کا جواب ذاتی نوعیت کے طنز اور غیر مناسب زبان میں دینا سیاسی عدم برداشت کا مظہر ہے۔

انہوں نے کہا کہ چوہدری سالک حسین کو قومی وسائل کے استعمال، ترقیاتی منصوبوں اور انتظامی معاملات پر سوال اٹھانے کا آئینی اور جمہوری حق حاصل ہے۔ حکومت کو تنقید کا جواب مستند اعداد و شمار اور اپنی کارکردگی کے ذریعے دینا چاہیے۔

واضح رہے کہ عظمیٰ بخاری نے اپنے بیان میں چوہدری سالک حسین اور چوہدری خاندان کے بعض دیگر افراد کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور انہیں اپنے سیاسی طرزِ عمل پر نظرثانی کرنے کا پیغام دیا تھا۔ اس بیان کے بعد مسلم لیگ (ق) کے رہنماؤں کی جانب سے ردِعمل سامنے آیا ہے۔

 

More News