11/11 سیل کا حیران کن کمال، چین میں شہری نے صرف 458 روپے میں فلیٹ خرید لیا

11/11 سیل کا حیران کن کمال، چین میں شہری نے صرف 458 روپے میں فلیٹ خرید لیا

چین میں مشہور آن لائن شاپنگ فیسٹیول 11/11 ڈبل الیون سیل کے دوران ایک شہری نے محض 11 یوان، یعنی پاکستانی تقریباً 458 روپے میں دو بیڈ روم پر مشتمل فلیٹ خرید کر سب کو حیران کر دیا۔ غیر معمولی قیمت پر ہونے والی اس نیلامی نے سوشل میڈیا اور آن لائن صارفین کی توجہ حاصل کر لی ہے۔

یہ فلیٹ چین کے صوبے ہیلونگ جیانگ کے شہر ہیگانگ میں واقع ہے، جس کا مجموعی رقبہ 68 مربع میٹر ہے۔ ساتویں منزل پر موجود اس رہائشی یونٹ کو ایک آن لائن ای کامرس کمپنی نے ڈبل الیون فیسٹیول کے تحت نیلامی کے لیے پیش کیا تھا۔

نیلامی کا آغاز صرف ایک یوان سے ہوا، جبکہ بولی کا عمل بڑھتے ہوئے 11 یوان پر مکمل ہوا۔ آن لائن پلیٹ فارم کے ریکارڈ کے مطابق اس نیلامی میں مجموعی طور پر 1667 افراد نے حصہ لیا اور کامیاب بولی 5 نومبر کو سامنے آئی۔

فلیٹ خریدنے والے شخص کا تعلق مشرقی چین کے ایک صوبے سے ہے، تاہم اس کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔ خریدار نے لائیو اسٹریم کے دوران بتایا کہ اس کا ہیگانگ منتقل ہونے کا کوئی ارادہ نہیں، تاہم وہ فلیٹ کو چھٹیاں گزارنے کے لیے استعمال کرے گا۔

دوسری جانب فلیٹ کی ملکیت اپنے نام منتقل کرانے کے لیے خریدار کو مزید 2 ہزار یوان ادا کرنا ہوں گے۔ مقامی پراپرٹی ایپس کے مطابق اس فلیٹ کی عام مارکیٹ قیمت تقریباً 40 ہزار یوان ہے۔

نیلامی کے منتظم ادارے کے مطابق فلیٹ کی اصل قیمت اور نیلامی میں حاصل ہونے والی رقم کے درمیان فرق متعلقہ کمپنی ادا کرے گی، جبکہ یہ سودا خصوصی تشہیری مہم کا حصہ تھا۔

More News