موسمیاتی تبدیلیوں پر عالمی برادری ترقی پذیر ممالک سے کیے گئے وعدے پورے کرے، وزیراعظم شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے لیے ترقی پذیر ممالک کے ساتھ کیے گئے وعدے پورے کیے جائیں اور محض اعلانات کے بجائے عملی اقدامات کیے جائیں۔
ترکیے میں کوپ 31 کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر کاربن اخراج میں ایک فیصد سے بھی کم حصہ ڈالتا ہے، اس کے باوجود ملک موسمیاتی تبدیلیوں سے شدید متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث غیر معمولی چیلنجز کا سامنا ہے۔ 2022 کے تباہ کن سیلاب کے دوران ملک کا تقریباً ایک تہائی حصہ زیر آب آگیا تھا، جبکہ اس قدرتی آفت سے 3 کروڑ 30 لاکھ افراد متاثر ہوئے تھے۔
وزیراعظم نے مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دینے پر ترکیے کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب کی تباہ کاریوں کے دوران ترکیے نے پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہو کر تعاون کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ماحول دوست اقدامات پر عمل پیرا ہے، تاہم موسمیاتی تبدیلیوں جیسے عالمی چیلنج سے نمٹنے کے لیے تمام ممالک کو مشترکہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
وزیراعظم نے عالمی برادری پر زور دیا کہ ترقی پذیر ممالک کو موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے محفوظ رکھنے، بحالی اور پائیدار ترقی کے لیے مالی و تکنیکی تعاون کے وعدوں پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔








