لاہور میں نجی وائلڈ لائف فارم پر شیرنی کا حملہ، نوجوان جاں بحق
لاہور کے علاقے کاہنہ میں نجی وائلڈ لائف بریڈنگ فارم پر شیرنی کے حملے میں ایک نوجوان جاں بحق ہوگیا۔ پولیس نے واقعے کے بعد کارروائی کرتے ہوئے فارم کے مالک اور ایک ٹک ٹاکر کو گرفتار کرلیا ہے۔
پولیس کے مطابق نوجوان فارم میں موجود تھا کہ اس دوران شیرنی نے اس پر حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوا اور جانبر نہ ہوسکا۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور تحقیقات کا آغاز کیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی اصل حقیقت چھپانے کے لیے شیرنی کے حملے کو کتے کا حملہ ظاہر کرنے کی کوشش کی گئی۔ ابتدائی تحقیقات کے دوران سامنے آنے والے حقائق کی روشنی میں نجی بریڈنگ فارم کے مالک اور ایک ٹک ٹاکر کو حراست میں لے لیا گیا۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے مزید قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔ حکام کے مطابق واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ نوجوان کی ہلاکت اور مبینہ طور پر حقائق چھپانے کی کوشش سے متعلق ذمہ داری کا تعین کیا جاسکے۔








