امریکی شرح سود میں اضافے کے خدشات، سونے کی قیمت میں بڑی کمی
عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد فی اونس سونا 4 ہزار ڈالر کی اہم نفسیاتی حد سے بھی نیچے آگیا۔ امریکہ میں شرح سود میں اضافے سے متعلق اطلاعات کو سونے کی قیمتوں میں کمی کی بڑی وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔
آل صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق پاکستان کی مقامی صرافہ مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمتوں میں بڑی کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت 10 ہزار 900 روپے کم ہوکر 4 لاکھ 16 ہزار 536 روپے ہوگئی ہے۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں 9 ہزار 345 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد نئی قیمت 3 لاکھ 57 ہزار 112 روپے ہوگئی ہے۔
دوسری جانب چاندی کی قیمت میں بھی کمی دیکھی گئی ہے۔ فی تولہ چاندی 190 روپے سستی ہوکر 5 ہزار 578 روپے پر آگئی ہے۔
عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 109 ڈالر کی بڑی کمی کے بعد 3 ہزار 940 ڈالر ہوگئی ہے۔ سونے کی قیمت میں اس نمایاں گراوٹ کے باعث مقامی مارکیٹ میں بھی نرخ کم ہوئے ہیں۔
ماہرین کے مطابق امریکی شرح سود سے متعلق توقعات اور عالمی مالیاتی صورتحال سونے کی قیمتوں پر اثرانداز ہوتی ہیں، جبکہ آئندہ دنوں میں عالمی مارکیٹ کی صورتحال مقامی صرافہ بازار میں قیمتوں کا تعین کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔








