سندھ حکومت کا یوریا کھاد کی ذخیرہ اندوزی اور مہنگی فروخت کرنے والے ڈیلرز کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ
سندھ حکومت نے ربیع سیزن کے دوران یوریا کھاد کی ذخیرہ اندوزی، بلیک مارکیٹنگ اور قیمتوں میں غیر قانونی اضافے کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کرلیا ہے۔ صوبائی وزیر زراعت سردار محمد بخش خان مہر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ کھاد کی غیر قانونی فروخت اور مصنوعی قلت پیدا کرنے میں ملوث ڈیلرز کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔
اس سلسلے میں صوبائی وزیر زراعت کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیکریٹری زراعت سندھ محمد زمان ناریجو، ڈائریکٹر جنرل زرعی توسیع اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں ربیع سیزن کے دوران کھاد کی دستیابی، قیمتوں اور کاشتکاروں کو درپیش مسائل کا جائزہ لیا گیا۔
صوبائی وزیر نے سیکریٹری زراعت، ڈی جی زرعی توسیع اور تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ کھاد کی ذخیرہ اندوزی، بلیک مارکیٹنگ اور جعلی زرعی مصنوعات کی فروخت روکنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں اور روزانہ کی بنیاد پر کارروائی کی رپورٹ پیش کی جائے۔
انہوں نے حیدرآباد میں کاشتکاروں کی شکایات کے فوری ازالے کے لیے شکایتی سیل قائم کرنے کی بھی ہدایت کی۔ اس کے علاوہ کھاد کمپنیوں کو ڈیلرز تک یوریا کی بروقت اور مطلوبہ مقدار میں فراہمی یقینی بنانے کا پابند کیا گیا۔
سردار محمد بخش خان مہر نے واضح کیا کہ کھاد کی مصنوعی قلت اور سرکاری نرخوں سے زائد قیمت پر فروخت برداشت نہیں کی جائے گی، جبکہ غفلت کے مرتکب افسران کے خلاف بھی کارروائی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کو سرکاری نرخوں پر کھاد کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔








