بچیوں کو بلیک میل کرنے والے ملزمان کے خلاف این سی سی آئی اے نے بروقت کارروائی کی، محسن نقوی
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے بچیوں کو آن لائن بلیک میل اور ہراساں کرنے والے ملزمان کے خلاف بروقت کارروائی کی ہے۔ خواتین اور بچیوں کو نجی تصاویر اور ویڈیوز کے ذریعے بلیک میل کرنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے گی۔
محسن نقوی کے مطابق آن لائن ہراسانی اور بلیک میلنگ کے واقعات انتہائی حساس نوعیت کے ہیں، جن میں متاثرہ افراد کو فوری تحفظ اور انصاف فراہم کرنا ضروری ہے۔ ایسے معاملات میں کارروائی کے لیے کئی دن یا ہفتے انتظار نہیں کیا جاسکتا بلکہ متعلقہ اداروں کو فوری ردعمل دینا ہوگا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے این سی سی آئی اے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ سائبر جرائم کی روک تھام اور متاثرین کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ادارے کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے خواتین اور بچیوں کو خبردار کیا کہ اپنی نجی تصاویر اور ویڈیوز کسی کے ساتھ شیئر نہ کریں کیونکہ جرائم پیشہ عناصر ان مواد کو بلیک میلنگ اور ہراسانی کے لیے استعمال کرسکتے ہیں۔
محسن نقوی نے واضح کیا کہ آن لائن ہراسانی میں ملوث کسی بھی شخص کو رعایت نہیں دی جائے گی اور قانون کے مطابق کارروائی یقینی بنائی جائے گی۔








