الیکشن کمیشن کی سیاسی جماعتوں کی تازہ فہرست جاری، پی ٹی آئی، ایم کیو ایم اور پی کے میپ بغیر سربراہ کے رجسٹرڈ

الیکشن کمیشن کی سیاسی جماعتوں کی تازہ فہرست جاری، پی ٹی آئی، ایم کیو ایم اور پی کے میپ بغیر سربراہ کے رجسٹرڈ

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملک بھر کی رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کی تازہ فہرست جاری کردی ہے، جس میں مجموعی طور پر 160 سیاسی جماعتیں شامل ہیں۔ نئی فہرست میں متعدد اہم سیاسی جماعتوں کے سربراہوں کے نام درج نہیں کیے گئے۔

الیکشن کمیشن کی جاری کردہ فہرست کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)، متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی (پی کے میپ) بغیر پارٹی سربراہ کے نام کے رجسٹرڈ ہیں۔

فہرست میں پاکستان سنی تحریک اور تحریک لبیک پاکستان کے سربراہوں کے نام بھی موجود نہیں، جبکہ عوام پاکستان پارٹی کا نام بھی رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں میں شامل کردیا گیا ہے، تاہم اس کے سربراہ کا نام درج نہیں کیا گیا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے انٹرا پارٹی انتخابات اور پارٹی آئین میں ترمیم سے متعلق کیس تاحال زیر التوا ہے۔

سیاسی جماعتوں کی تازہ فہرست میں سربراہوں کے ناموں کی عدم موجودگی کے حوالے سے مختلف جماعتوں کی قانونی اور تنظیمی صورتحال بھی اہمیت اختیار کرگئی ہے۔ الیکشن کمیشن کی یہ فہرست ملک میں رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کی موجودہ تفصیلات فراہم کرتی ہے۔

More News