وزیراعظم شہباز شریف کی سوڈان کی عبوری خودمختاری کونسل کے صدر جنرل عبدالفتاح البرہان سے ملاقات
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ترکیہ کے شہر انطالیہ میں جمہوریہ سوڈان کی عبوری خودمختاری کونسل کے صدر جنرل عبدالفتاح البرہان سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور سوڈان کے درمیان دوطرفہ تعلقات، باہمی تعاون کے فروغ اور علاقائی و عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے سوڈان کی خودمختاری، قومی وحدت اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے سوڈانی عوام کو درپیش مشکلات پر یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مشکل حالات میں سوڈان کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔
دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے پر بھی گفتگو کی۔
اس موقع پر موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سے نمٹنے کے لیے عالمی سطح پر مشترکہ کوششوں اور تعاون کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
ملاقات میں دونوں ممالک نے عالمی فورمز پر قریبی رابطے اور باہمی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس ملاقات کو پاکستان اور سوڈان کے درمیان سفارتی تعلقات اور باہمی اشتراک کو مزید فروغ دینے کی کوششوں کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔








