دنیا بھر میں مائیکروسافٹ کی سروسز متاثر، آؤٹ لک اور ٹیمز صارفین کو شدید مشکلات

دنیا بھر میں مائیکروسافٹ کی سروسز متاثر، آؤٹ لک اور ٹیمز صارفین کو شدید مشکلات

دنیا بھر میں مائیکروسافٹ کی مختلف آن لائن سروسز میں اچانک تعطل کے باعث لاکھوں صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، متاثرہ سروسز میں آؤٹ لک، مائیکروسافٹ ٹیمز اور مصنوعی ذہانت پر مبنی سافٹ ویئر کوپائلٹ بھی شامل ہیں۔

مائیکروسافٹ نے جمعرات کو سروسز میں خرابی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کمپنی تکنیکی مسائل دور کرنے اور صارفین کی رسائی بحال کرنے کے لیے کام کر رہی ہے۔

کمپنی کے مطابق اس کے انفراسٹرکچر کے ایک حصے پر غیر معمولی دباؤ بڑھنے کے باعث متعدد سروسز متاثر ہوئیں۔ ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا کہ یہ مسئلہ صارفین کی جانب سے ٹریفک میں اضافے کے بجائے متعدد سرورز کے اچانک دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے پیدا ہوا، جس کے نتیجے میں باقی سرورز پر اضافی بوجھ پڑ گیا۔

آؤٹیج کی نگرانی کرنے والی ویب سائٹ ڈاؤن ڈیٹیکٹر کے مطابق امریکا اور برطانیہ میں بڑی تعداد میں صارفین نے مائیکروسافٹ کی سروسز میں خرابی کی شکایات درج کرائیں۔ صرف امریکا میں آؤٹ لک سروس کے حوالے سے ایک لاکھ 31 ہزار سے زائد شکایات سامنے آئیں۔

مائیکروسافٹ کا کہنا ہے کہ مسئلے کے مستقل حل کے لیے سرورز کی ترتیبات میں تبدیلیوں کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ خودکار سرور چیکنگ کے دوران پیدا ہونے والی تکنیکی خرابی کو دور کیا جا سکے۔

سروسز میں تعطل کے باعث ای میل، آن لائن میٹنگز اور دیگر دفتری امور متاثر ہوئے، جس سے دنیا بھر میں صارفین کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

More News