صدر زرداری سے محسن نقوی کی ملاقات، ملکی سیکیورٹی صورتحال اور نئے صوبوں پر تبادلہ خیال
نواب شاہ: صدر مملکت آصف علی زرداری اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں سیاسی امور، ملک کی سیکیورٹی صورتحال اور نئے صوبوں کے قیام سے متعلق معاملات پر گفتگو کی گئی۔
نواب شاہ میں ہونے والی یہ ملاقات تقریباً ایک گھنٹہ جاری رہی۔ اس دوران ملک کی مجموعی صورتحال اور نئے صوبوں کے حوالے سے مختلف امور زیرِ بحث آئے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا تھا کہ نئے صوبوں کے قیام کے لیے ریفرنڈم کرایا جا سکتا ہے، اگر عوام صوبوں کے قیام کے حق میں فیصلہ دیں تو اس پر عمل کیا جائے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ملک میں ری سیٹ کے معاملے پر وہ اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری ایک پیج پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں اہمیت رکھتی ہیں اور کوئی بھی فیصلہ اختلافِ رائے کے بغیر یا کسی جماعت کو نظرانداز کرکے نہیں کیا جائے گا۔








