ثمر ہارون بلور کا پی ڈی ایم اے ہیڈکوارٹر کا دورہ، جدید مانیٹرنگ سسٹم اور امدادی اقدامات کا جائزہ

ثمر ہارون بلور کا پی ڈی ایم اے ہیڈکوارٹر کا دورہ، جدید مانیٹرنگ سسٹم اور امدادی اقدامات کا جائزہ

پشاور: مشیر گورنر خیبر پختونخوا برائے اطلاعات و تعلقاتِ عامہ اور ریلیف، بحالی و آبادکاری ثمر ہارون بلور نے پی ڈی ایم اے خیبر پختونخوا کے صوبائی ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا، جہاں انہیں صوبے میں قدرتی آفات سے نمٹنے، ہنگامی اقدامات اور متاثرین کی بحالی کے لیے جاری سرگرمیوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

ثمر ہارون بلور نے صوبائی ایمرجنسی آپریشن سینٹر میں جدید مانیٹرنگ سسٹم، ریئل ٹائم ڈیٹا، ڈیجیٹل ڈیش بورڈز اور ایمرجنسی رسپانس نظام کا جائزہ لیا۔ انہیں بتایا گیا کہ پی ڈی ایم اے کی ٹول فری ہیلپ لائن 1700 عوامی رہنمائی اور شکایات کے ازالے کے لیے 24 گھنٹے فعال ہے، جبکہ ہنگامی حالات میں عوام کے تحفظ کے لیے صوبے بھر میں 185 محفوظ کیمپ سائٹس کی نشاندہی کی گئی ہے۔

بریفنگ میں جالوزئی ہیومینیٹیرین رسپانس فیسلٹی میں امدادی سامان کی دستیابی، ڈیجیٹل کمپنسیشن سسٹم، متاثرین کو مالی معاونت اور بحالی کے منصوبوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔

اس موقع پر ثمر ہارون بلور نے کہا کہ پاکستان کا جینڈر بیسڈ وائلنس اِن ایمرجنسیز (GBViE) فریم ورک جنوبی ایشیا میں اپنی نوعیت کا پہلا فریم ورک ہے، جسے وزیراعظم نے COP29 میں قومی دستاویز کے طور پر پیش کیا تھا۔ انہوں نے قدرتی آفات کے دوران خواتین، بچوں اور دیگر کمزور طبقات کے تحفظ کو یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔

ثمر ہارون بلور نے پی ڈی ایم اے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادارے کو مزید مستحکم اور مؤثر بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔

More News