چارسدہ میں کباڑ کے اسٹور میں آتشزدگی، ریسکیو 1122 کی مشین خراب ہونے پر انتظامی غفلت کے سوالات اٹھنے لگے
چارسدہ میں کباڑ کے ایک اسٹور میں آگ لگنے کے واقعے کے دوران ریسکیو 1122 کی مشین خراب ہونے کا معاملہ سامنے آگیا، جس کے بعد ادارے کی مشینری کی دیکھ بھال اور بروقت مرمت کے حوالے سے سوالات اٹھنے لگے ہیں۔
واقعے کے مطابق چارسدہ میں کباڑ کے اسٹور میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس پر ریسکیو 1122 کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔ تاہم امدادی کارروائی کے دوران وہاں موجود ریسکیو مشین بھی خراب ہوگئی، جس سے ہنگامی حالات میں ادارے کی تیاری اور عملی کارکردگی سے متعلق تشویش پیدا ہوگئی۔
اس صورتحال نے یہ اہم سوال کھڑا کردیا ہے کہ ریسکیو 1122 کی قیمتی مشینری اور گاڑیوں کی باقاعدہ دیکھ بھال کیوں یقینی نہیں بنائی جاتی؟ اگر ہنگامی حالات میں امدادی اداروں کی مشینری ہی خراب ہوجائے تو عوام کو بروقت ریلیف فراہم کرنے میں مشکلات پیش آسکتی ہیں۔
شہری حلقوں کی جانب سے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ واقعے کا فوری نوٹس لیا جائے اور ریسکیو 1122 کی مشینری کی تکنیکی جانچ پڑتال، بروقت مرمت اور باقاعدہ مینٹیننس کا مؤثر نظام بنایا جائے۔
عوامی تحفظ سے وابستہ اداروں کی مشینری ہر وقت فعال حالت میں ہونی چاہیے تاکہ آگ لگنے، حادثات اور دیگر ہنگامی صورتحال میں قیمتی انسانی جانوں اور املاک کو محفوظ بنایا جا سکے۔








