سوات میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کے مثبت نتائج، 3500 ٹن کچرا ٹھکانے، 19.5 کلومیٹر شاہراہیں کلیئر
سوات: ضلعی انتظامیہ سوات اور واٹر اینڈ سینیٹیشن سروسز کمپنی (WSSC) کی جانب سے تجاوزات کے خاتمے اور نکاسی آب کے نظام کی بحالی کے لیے جاری آپریشن کے مثبت نتائج سامنے آنے لگے ہیں۔ ایک ماہ کے دوران 3500 ٹن کچرا اور ملبہ ٹھکانے لگایا گیا، جبکہ 41.8 کلومیٹر نالوں کی صفائی اور 19.5 کلومیٹر شاہراہوں کو تجاوزات سے پاک کردیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر سوات عدنان ابرار کی ہدایات پر مینگورہ اور سیدو شریف میں نالوں اور آبی گزرگاہوں پر قائم غیر قانونی تجاوزات ختم کرنے کے ساتھ نکاسی آب کے بند راستے بھی بحال کیے جا رہے ہیں۔ اس مہم کی نگرانی سی ای او ڈبلیو ایس ایس سی سوات بابر خان تنولی کر رہے ہیں۔
حکام کے مطابق ماضی میں نالوں پر تجاوزات اور گندگی کے باعث معمولی بارش کے دوران بھی سڑکوں اور گلیوں میں پانی جمع ہوجاتا تھا، جس سے شہریوں کو آمدورفت اور دیگر مسائل کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ جاری آپریشن کا مقصد نکاسی آب کے قدرتی راستوں کی بحالی اور بارش کے پانی کی بروقت نکاسی یقینی بنانا ہے۔
سی ای او ڈبلیو ایس ایس سی سوات بابر خان تنولی کے مطابق گزشتہ 15 روز کے دوران خصوصی صفائی مہم کے تحت 2 ہزار 119 ٹن کچرا ٹھکانے لگایا گیا، جبکہ 41.8 کلومیٹر نالوں کی صفائی مکمل کی گئی۔ اس مقصد کے لیے 415 اہلکار، 28 مشینری یونٹس اور 4 اضافی ڈمپرز کام کر رہے ہیں۔
دوسری جانب تجاوزات کے خلاف کارروائی کے دوران 1582 ٹن ملبہ ہٹایا گیا اور 19.5 کلومیٹر شاہراہیں کلیئر کی گئیں۔ آپریشن کا دائرہ مینگورہ، سیدو شریف، رحیم آباد، امانکوٹ، مکان باغ، مٹہ روڈ اور شہر کے دیگر اہم تجارتی و رہائشی علاقوں تک پھیلا ہوا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق صفائی اور تجاوزات کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ شہریوں کو بہتر نکاسی آب، کشادہ سڑکیں اور صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جا سکے۔








