معرکۂ حق “بنیان مرصوص” کی تکمیل کو ایک سال مکمل ہونے پر وفاقی وزیر مواصلات اور صدر آئی پی پی عبدالعلیم خان نے مسلح افواج پاکستان کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے 10 مئی کو پاکستانی عسکری تاریخ کا ایک یادگار دن قرار دیتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے ہر ہیرو کو سلام پیش کرتی ہے جنہوں نے وطنِ عزیز کے دفاع کو یقینی بنایا اور دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔
عبدالعلیم خان نے فیلڈ مارشل حافظ سید عاصم منیر کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور بروقت حکمت عملی نے دشمن کو واضح پیغام دیا کہ پاکستان کی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف کو بھی دادِ شجاعت پیش کی اور کہا کہ تینوں افواج نے مثالی ہم آہنگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ کے شاہینوں نے دشمن کے جدید طیاروں، جن میں رافیل بھی شامل تھے، کو نشانہ بنا کر اپنی برتری ثابت کی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ دشمن کے آٹھ طیارے مار گرائے گئے اور اس کی فضائی برتری کا غرور خاک میں ملا دیا گیا۔ ان کے مطابق فضاؤں پر حکمرانی صرف اُن جانبازوں کا حق ہے جن کے سینوں پر سبز ہلالی پرچم سجا ہوتا ہے۔
عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ گزشتہ سال آپریشن “بنیان مرصوص” اور رواں برس مؤثر سفارتکاری نے پاکستان کے مؤقف کو عالمی سطح پر تقویت دی۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا پاکستان کی دفاعی صلاحیت اور پیشہ ورانہ تیاری کی معترف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وطن کی سلامتی کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنا پاکستانی قوم کی سرشت میں شامل ہے۔
انہوں نے پہلگام واقعے اور مبینہ بھارتی فالس فلیگ آپریشن کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کا من گھڑت بیانیہ عالمی سطح پر بے نقاب ہو چکا ہے۔ پاکستان آج بھی شفاف اور غیر جانبدار تحقیقات کا مطالبہ کر رہا ہے تاکہ حقائق دنیا کے سامنے آسکیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی قیادت کی جنگی سوچ نے خطے کے امن کو نقصان پہنچایا ہے، تاہم پاک افواج کے مؤثر ردعمل نے دشمن کو پسپائی اختیار کرنے پر مجبور کر دیا۔
اپنے پیغام کے اختتام پر عبدالعلیم خان نے شہداء کو خراجِ عقیدت اور غازیوں کو سلامِ شجاعت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ملکی دفاع کے لیے متحد ہے۔








