غیر محفوظ خوراک کا سدباب ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے: مریم نواز شریف

غیر محفوظ خوراک کا خاتمہ ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے، مریم نواز شریف

لاہور:ویب ڈیسک

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ غیر محفوظ خوراک سے پیدا ہونے والی بیماریوں اور غذائی قلت کا سدباب ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، جبکہ محفوظ، معیاری اور غذائیت سے بھرپور خوراک کی فراہمی ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔

تحفظ خوراک کے عالمی دن (ورلڈ فوڈ سیفٹی ڈے) کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ اس دن کا مقصد محفوظ خوراک کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور خوراک سے پیدا ہونے والی بیماریوں کی روک تھام کے حوالے سے شعور بیدار کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب محفوظ اور صحت بخش خوراک کی فراہمی کے عزم پر کاربند ہے اور اس مقصد کے لیے مختلف سطحوں پر عملی اقدامات جاری ہیں۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ زراعت، خوراک کی پیداوار، ترسیل اور سپلائی چین سے وابستہ ہر فرد اور ادارہ خوراک کے تحفظ کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ ان کے مطابق یہ دن خوراک سے لاحق ممکنہ خطرات، بیماریوں کی بروقت نشاندہی اور ان کے مؤثر تدارک کی اہمیت کو بھی اجاگر کرتا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ دنیا بھر کی طرح پاکستان کو بھی موسمیاتی تبدیلی، پانی کی قلت، بڑھتی ہوئی آبادی اور خوراک کے بدلتے رجحانات جیسے متعدد چیلنجز کا سامنا ہے۔ ان مسائل کے حل کے لیے حکومت پنجاب مربوط حکمت عملی کے تحت زرعی تحقیق، جدید ٹیکنالوجی اور پیداواری صلاحیت میں اضافے کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب اپنی زرخیز زمین، محنتی کسانوں اور وسیع زرعی وسائل کی بدولت غذائی خودکفالت کے حصول میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ اس مقصد کے لیے زرعی شعبے میں جدید تحقیق اور اختراعی اقدامات کو فروغ دیا جا رہا ہے تاکہ خوراک کی پیداوار میں اضافہ اور موسمیاتی اثرات کو کم کیا جا سکے۔

مریم نواز شریف نے تحقیقی اداروں، نجی شعبے اور سول سوسائٹی سے اپیل کی کہ وہ محفوظ، مضبوط اور صحت افروز غذائی نظام کی تشکیل کے لیے حکومت کے ساتھ مل کر اپنا فعال کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو کیمیکلز، ملاوٹ اور غیر معیاری اشیائے خورونوش سے پاک خالص خوراک کی فراہمی اجتماعی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی صوبہ بھر میں معیاری خوراک کی فراہمی اور ملاوٹ مافیا کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ ان کے مطابق غیر معیاری اور مضر صحت خوراک فروخت کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن کیا جا رہا ہے تاکہ عوام کی صحت کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ خوراک کے ضیاع کی روک تھام کے لیے شادیوں اور دیگر تقریبات میں ون ڈش پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کرایا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ چھوٹے دکانداروں، ہوٹل مالکان اور ریڑھی بانوں میں حفظان صحت کے اصولوں کے فروغ اور خوراک کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے خصوصی اقدامات بھی کیے گئے ہیں۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پنجاب حکومت عوام خصوصاً بچوں اور نوجوانوں میں صحت بخش اور متوازن غذا کے استعمال کو فروغ دینے کے لیے آگاہی مہمات جاری رکھے گی تاکہ جنک فوڈ کے بڑھتے ہوئے رجحان کی حوصلہ شکنی کی جا سکے اور صحت مند معاشرے کی بنیاد رکھی جا سکے

More News