آزاد کشمیر کی سیاسی صورتحال پر بلاول بھٹو زرداری ناخوش، اہم اجلاس طلب
اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آزاد جموں و کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی کی آزاد کشمیر قیادت کا اہم اجلاس طلب کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس آج شام اسلام آباد میں منعقد ہوگا جس میں آزاد کشمیر کی تازہ سیاسی پیش رفت اور مستقبل کی حکمت عملی پر غور کیا جائے گا۔
پیپلز پارٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری آزاد کشمیر میں پیدا ہونے والی حالیہ صورتحال پر مطمئن نہیں ہیں اور وہ موجودہ حالات کا تفصیلی جائزہ لینا چاہتے ہیں۔ اجلاس میں آزاد کشمیر کی سیاسی، انتظامی اور عوامی صورتحال پر بریفنگ دی جائے گی جبکہ پارٹی کی آئندہ حکمت عملی بھی زیر غور آئے گی۔
ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری اجلاس کے دوران اہم فیصلے کر سکتے ہیں جو آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی کے سیاسی کردار اور مستقبل کی پالیسی پر اثر انداز ہو سکتے ہیں۔ پارٹی قیادت کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ موجودہ حالات سے متعلق مکمل رپورٹ اجلاس میں پیش کرے۔
واضح رہے کہ دو روز قبل آزاد کشمیر حکومت نے جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کو کالعدم تنظیم قرار دیا تھا۔ اس فیصلے کے بعد سیاسی اور عوامی حلقوں میں مختلف ردعمل سامنے آیا ہے جبکہ کالعدم قرار دی گئی تنظیم نے 9 جون کو ہڑتال کی کال بھی دے رکھی ہے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق آزاد کشمیر کی بدلتی ہوئی صورتحال خطے کی سیاست پر اثر انداز ہو سکتی ہے، اسی تناظر میں بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے طلب کیا گیا اجلاس غیر معمولی اہمیت اختیار کر گیا ہے۔ اجلاس کے بعد پارٹی کی جانب سے باضابطہ مؤقف اور ممکنہ فیصلوں کا اعلان متوقع ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کی مرکزی قیادت آزاد کشمیر کے حالات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور عوامی ردعمل، سیاسی استحکام اور حکومتی اقدامات کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ آج ہونے والا اجلاس آئندہ سیاسی منظرنامے کے حوالے سے اہم پیش رفت ثابت ہو سکتا ہے۔







