آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید کا غلام اسحاق خان انسٹی ٹیوٹ ٹوپی صوابی کا دورہ

آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید کا غلام اسحاق خان انسٹی ٹیوٹ کا دورہ، جدید پولیسنگ کے فروغ کے لیے تاریخی معاہدہ

پشاور:عارف اکرام

 انسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے غلام اسحاق خان انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (جی آئی کے انسٹی ٹیوٹ) ٹوپی کا اہم دورہ کیا، جہاں خیبرپختونخوا پولیس اور ادارے کے درمیان جدید ٹیکنالوجی، سائبر سیکیورٹی اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے ایک تاریخی مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے۔

دورے کے دوران آئی جی پی ذوالفقار حمید نے ادارے کی مختلف جدید تحقیقی اور تکنیکی لیبارٹریوں کا معائنہ کیا، جن میں سائبر سیکیورٹی، روبوٹکس، مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور ڈرون ٹیکنالوجی کی لیبارٹریاں شامل تھیں۔ انہیں ان شعبوں میں جاری تحقیقی سرگرمیوں اور جدید منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر دونوں اداروں کے درمیان اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پولیس کی پیشہ ورانہ استعداد کار میں اضافے کے لیے مشترکہ تحقیق و ترقی کے منصوبے شروع کیے جائیں گے۔ معاہدے کے تحت سائبر کرائم کی روک تھام، ڈیجیٹل فرانزک کی بہتری اور جدید تفتیشی طریقہ کار کے فروغ کے لیے بھی تعاون کیا جائے گا۔

آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے کہا کہ موجودہ دور میں جدید ٹیکنالوجی کے بغیر مؤثر پولیسنگ ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس جدید سائنسی اور تکنیکی ذرائع کے استعمال پر خصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ عوام کو بہتر سیکیورٹی خدمات فراہم کی جا سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مصنوعی ذہانت، ڈرون ٹیکنالوجی اور جدید ڈیجیٹل نظاموں کے استعمال سے جرائم کی روک تھام، نگرانی اور تفتیشی عمل کو مزید مؤثر بنایا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ معاہدہ خیبرپختونخوا پولیس کو سائبر سیکیورٹی اور ڈیجیٹل انویسٹی گیشن کے میدان میں نئی صلاحیتیں فراہم کرے گا۔

ذوالفقار حمید نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جدید ٹیکنالوجی امن و امان کے قیام اور جرائم کے خاتمے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان تعاون مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے انتہائی ضروری ہے۔

دورے کے اختتام پر دونوں اداروں نے تکنیکی مشاورت، تحقیق، اختراعات اور جدید ٹیکنالوجی کے تبادلے کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ماہرین کے مطابق یہ معاہدہ خیبرپختونخوا پولیس کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور مستقبل کی ڈیجیٹل پولیسنگ کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت ثابت ہوگا

More News