بنوں میں آندھی اور موسلادھار بارش سے 4 افراد جاں بحق، 16 زخمی

بنوں میں آندھی اور موسلادھار بارش سے 4 افراد جاں بحق، 16 زخمی

بنوں:ویب ڈیسک

ضلع بنوں میں تیز آندھی اور موسلادھار بارش کے باعث مختلف علاقوں میں دیواریں، مکانات اور دکانیں گرنے کے متعدد واقعات پیش آئے، جن کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ 16 افراد زخمی ہوگئے۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے نقصانات کے حوالے سے ابتدائی رپورٹ جاری کردی ہے۔

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق شدید موسمی صورتحال کے باعث مختلف مقامات پر عمارتوں اور دیواروں کے گرنے سے جانی و مالی نقصان ہوا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 2 مرد اور 2 بچے شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 4 مرد، 5 خواتین اور 7 بچے شامل ہیں۔

حکام کے مطابق زخمی افراد کو فوری طور پر قریبی ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ بعض متاثرین کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے جبکہ ہسپتال انتظامیہ کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ کردیا گیا ہے۔

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ہنگامی آپریشن مرکز کے مطابق متاثرہ علاقوں میں ضلعی انتظامیہ، امدادی ادارے اور دیگر متعلقہ محکمے سرگرم عمل ہیں۔ امدادی ٹیمیں متاثرہ خاندانوں کی مدد، ملبہ ہٹانے اور نقصانات کا جائزہ لینے میں مصروف ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ نقصانات کے مکمل تخمینے کے لیے سروے کا عمل جاری ہے اور تفصیلی رپورٹ بعد میں جاری کی جائے گی۔

ترجمان صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے بتایا کہ ادارہ تمام متعلقہ محکموں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور صورتحال کی لمحہ بہ لمحہ نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔

عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ خراب موسمی حالات کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں، کمزور اور خستہ حال عمارتوں، دیواروں اور بجلی کے کھمبوں سے دور رہیں اور غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے یا ہنگامی صورتحال کی فوری اطلاع مقامی انتظامیہ یا صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی ہیلپ لائن 1700 پر دیں۔

حکام کے مطابق ہنگامی آپریشن مرکز مکمل طور پر فعال ہے اور ممکنہ مزید بارشوں یا تیز ہواؤں کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کردی گئی ہے

More News