شمالی وزیرستان میں امن و استحکام کے فروغ کیلئے اتمانزئی مشران اور پاک فوج کا اہم جرگہ

شمالی وزیرستان میں امن و استحکام کے فروغ کیلئے اتمانزئی مشران اور پاک فوج کا اہم جرگہ

میرانشاہ:شاکر اللہ

شمالی وزیرستان میں امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے اور ریاستی اداروں کے ساتھ عوامی تعاون کو مضبوط بنانے کے مقصد سے پاک فوج کے زیر اہتمام اتمانزئی قبائل کے مشران اور عمائدین کا ایک اہم جرگہ ضلعی ہیڈکوارٹر میرانشاہ میں منعقد ہوا۔ جرگے میں قبائلی عمائدین، معززین اور ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

جرگے سے خطاب کرتے ہوئے جنرل آفیسر کمانڈنگ میجر جنرل عادل افتخار نے شرکاء کا خیرمقدم کیا اور خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے قبائلی عمائدین کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں پائیدار امن کے لیے مقامی مشران کا تعاون انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور ریاستی ادارے عوام کی حمایت سے ہی امن دشمن عناصر کے عزائم ناکام بنا سکتے ہیں۔

انہوں نے شرکاء کو علاقے کی موجودہ سیکیورٹی صورتح

ال کے بارے میں تفصیلی آگاہی دیتے ہوئے بعض عناصر کی تخریبی سرگرمیوں پر تشویش کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ امن دشمن قوتیں مختلف طریقوں سے علاقے کے امن کو متاثر کرنے کی کوشش کر رہی ہیں، تاہم عوام اور ریاستی اداروں کے باہمی تعاون سے ان سازشوں کو ناکام بنایا جا سکتا ہے۔

جی او سی نے قبائلی عمائدین پر زور دیا کہ وہ اپنے علاقوں میں مشکوک سرگرمیوں کی بروقت نشاندہی کریں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں تاکہ امن و امان کی فضا کو مزید مستحکم بنایا جا سکے۔ انہوں نے مواصلاتی نظام اور بنیادی ڈھانچے کو پہنچنے والے نقصانات کا بھی ذکر کیا اور ان مسائل کے حل کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔

جرگے کے دوران اتمانزئی قبائل کے مشران نے علاقے میں امن، ترقی اور عوامی فلاح سے متعلق اپنی تجاویز پیش کیں۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ علاقے میں امن و استحکام کے قیام، قانون کی بالادستی اور ریاستی رٹ کے استحکام کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے۔

قبائلی عمائدین نے کہا کہ شمالی وزیرستان کے عوام امن کے خواہاں ہیں اور وہ اپنے علاقے کو ترقی یافتہ اور پرامن بنانے کے لیے پاک فوج اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے۔ انہوں نے علاقے میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور امن کے قیام کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کو بھی سراہا۔

جرگے میں عوام اور ریاستی اداروں کے درمیان باہمی اعتماد کو مزید فروغ دینے، عوامی مسائل کے حل اور خطے میں دیرپا امن کے قیام کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر اتفاق کیا گیا۔ شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شمالی وزیرستان میں امن و استحکام کے لیے اجتماعی کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

جرگے کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، خوشحالی اور شمالی وزیرستان سمیت پورے خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ شرکاء نے اس جرگے کو عوام اور ریاستی اداروں کے درمیان اعتماد کے فروغ اور خطے کے روشن مستقبل کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا

More News