وزیراعظم نے ایک بار پھر اپوزیشن کو میثاق جمہوریت اور بات چیت کی دعوت دیدی

وزیراعظم شہباز شریف کی اپوزیشن کو میثاق جمہوریت اور میثاق معیشت کی دعوت

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ایک بار پھر اپوزیشن جماعتوں کو قومی مفاد میں میثاق جمہوریت اور میثاق معیشت کے لیے مذاکرات کی دعوت دیتے ہوئے سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر ملک کی ترقی اور استحکام کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر زور دیا۔

قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے حالیہ دہشت گردی کے واقعات میں شہید ہونے والے سیکیورٹی اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ وطن کے محافظ اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر لاکھوں خاندانوں کو محفوظ بناتے ہیں، لہٰذا ان کی قربانیوں کا احترام اور ان کے اہل خانہ کی تکریم ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

شہباز شریف نے اپوزیشن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سیاست اور نظریات میں اختلاف اپنی جگہ، لیکن پاکستان کی بقا اور ترقی سب سے مقدم ہے۔ انہوں نے اپوزیشن قیادت کو دعوت دی کہ وہ قومی مسائل کے حل اور معاشی استحکام کے لیے مذاکرات کی میز پر آئیں اور میثاق جمہوریت و میثاق معیشت کی جانب پیش رفت کریں۔

وزیراعظم نے کہا کہ چاروں صوبوں کی یکساں ترقی وفاقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور بطور وزیراعظم یہ ان کی آئینی اور قومی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے بلوچستان کی ترقی کے حوالے سے مختلف اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ریکوڈک منصوبے میں بلوچستان کے عوام کا حصہ واضح اور محفوظ ہے، جو صوبے کے حقوق کے تحفظ کی ایک اہم مثال ہے۔

انہوں نے یاد دلایا کہ 2010 کے این ایف سی ایوارڈ میں بلوچستان کا حصہ نمایاں طور پر بڑھایا گیا تھا، جو صوبے کے عوام کے حقوق کے اعتراف کا عملی اظہار تھا۔ وزیراعظم کے مطابق بلوچستان کے کسانوں کو 75 ارب روپے کی لاگت سے سولر پینلز فراہم کیے گئے ہیں تاکہ زرعی شعبے کو جدید خطوط پر استوار کیا جا سکے۔

شہباز شریف نے مزید بتایا کہ گوادر سے چمن تک ایک جدید شاہراہ تعمیر کی جا رہی ہے جو ہائی وے کے معیار کے مطابق ہوگی۔ اس اہم منصوبے پر تقریباً 300 ارب روپے خرچ کیے جا رہے ہیں، جس سے بلوچستان میں تجارت، نقل و حمل اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔

More News