پی ٹی آئی راہنماوں کیخلاف چالان جمع نہ کروانے پر سخت اقدام، پولیس افسر کو ایک ماہ قید کی سزا

چالان جمع نہ کرانے پر عدالت برہم، ڈی آئی جی جواد طارق کو ایک ماہ قید اور جرمانے کی سزا

اسلام آباد: انسدادِ دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف احتجاج سے متعلق مقدمے میں چالان جمع نہ کرانے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈی آئی جی جواد طارق کو ایک ماہ قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔

انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے سماعت کے دوران زبانی حکم جاری کرتے ہوئے سزا کا اعلان کیا اور کہا کہ اس حوالے سے تفصیلی تحریری حکم بعد میں جاری کیا جائے گا۔

عدالت کے مطابق متعدد نوٹسز جاری کیے جانے کے باوجود مقدمے کا چالان عدالت میں پیش نہیں کیا گیا، جس پر خصوصی اختیارات استعمال کرتے ہوئے کارروائی عمل میں لائی گئی۔

یہ مقدمہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں کے خلاف احتجاج کے سلسلے میں تھانہ مارگلہ میں درج کیا گیا تھا۔

عدالت نے قرار دیا کہ عدالتی احکامات پر عملدرآمد یقینی بنانا متعلقہ حکام کی ذمہ داری ہے اور اس ضمن میں غفلت برداشت نہیں کی جا سکتی۔

More News