خیبرپختونخوا کابینہ نے ہیلتھ پالیسی 2026 کی منظوری دے دی، صحت کارڈ پلس او پی ڈی تک توسیع کا فیصلہ
پشاور(نیوز ڈیسک )وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے اجلاس میں متعدد اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی۔ وزیر اطلاعات شفیع جان کے مطابق کابینہ نے “خیبرپختونخوا ہیلتھ پالیسی 2026” کی منظوری دے دی، جس کا مقصد ہر شہری کو بلاامتیاز معیاری طبی سہولیات کی فراہمی اور عوام دوست صحت کا نظام قائم کرنا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ نئی پالیسی کے تحت صحت کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل رپورٹنگ اور مانیٹرنگ کا نظام متعارف کرایا جائے گا، جبکہ ہیلتھ کیئر کمیشن کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔ زچہ و بچہ نگہداشت کی سہولیات میں اضافہ، صحت کارڈ پلس کو او پی ڈی تک توسیع، ٹیلی میڈیسن کا فروغ، بزرگ شہریوں کے لیے جیریاٹرک میڈیسن، اور آئی سی یو، سی سی یو، ٹراما و برن سینٹرز کا قیام بھی پالیسی کا حصہ ہے۔
وزیر اطلاعات کے مطابق کمزور کارکردگی والے سرکاری صحت مراکز کو آؤٹ سورس کیا جائے گا، جبکہ ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی کمی دور کرنے، ادویات اور ویکسین کی بلا تعطل فراہمی، بیماریوں کی نگرانی، صاف پانی، صفائی اور موسمیاتی تبدیلی سے متعلق اقدامات بھی نئی پالیسی میں شامل کیے گئے ہیں۔
کابینہ نے موٹر وہیکلز آرڈیننس اور رولز 1965 میں ذاتی رجسٹریشن نمبر کے نظام میں ترامیم، “پیشہ ورانہ تحفظ و صحت قواعد 2026” کی منظوری، وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ کو انٹرنیشنل کرین فاؤنڈیشن کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی اجازت، صفوت غیور شہید میموریل ہسپتال پشاور کی توسیع، اور ضلع خیبر کے جمرود کمپلیکس میں ایکسائز پولیس اسٹیشن کے قیام کے لیے اراضی کی منتقلی کی بھی منظوری دے دی۔








