خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں شدید گرمی برقرار، مختلف علاقوں میں بارش اور چند مقامات پر موسلادھار بارش کی پیشگوئی
پشاور(نیوز ڈیسک )حکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے کے میدانی علاقوں میں شدید گرمی اور حبس برقرار رہنے کا امکان ہے، جبکہ مختلف اضلاع میں بارش اور چند مقامات پر موسلادھار بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور، نوشہرہ، مردان، چارسدہ، صوابی، دیر، چترال، ہری پور اور کوہاٹ سمیت سوات، شانگلہ، ملاکنڈ، بونیر، باجوڑ، کوہستان، تورغر، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بارش کا امکان ہے۔ اسی طرح کرک، ہنگو، کرم، اورکزئی، بنوں، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، شمالی وزیرستان اور جنوبی وزیرستان میں بھی بارش متوقع ہے، جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز چترال اور کرم کے مختلف علاقوں میں بارش ریکارڈ کی گئی، جہاں میر کھنی میں 33 ملی میٹر جبکہ پاراچنار اور دروش میں 3، 3 ملی میٹر بارش ہوئی۔
اعداد و شمار کے مطابق پشاور کا کم سے کم درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ دن کے وقت درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے، جبکہ کالام میں کم سے کم درجہ حرارت 14 اور مالم جبہ میں 17 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔








