اقوام متحدہ میں پاکستان کا تنازعات میں جنسی تشدد کے خاتمے کے لیے مؤثر عالمی اقدامات کا مطالبہ
نیویارک: پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مسلح تنازعات کے دوران جنسی تشدد کے خاتمے کے لیے مؤثر، بلاامتیاز اور عالمی سطح پر مربوط اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے سلامتی کونسل کے کھلے مباحثے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جنسی تشدد جنگ کا ناگزیر نتیجہ نہیں بلکہ اسے خوف، جبر اور اجتماعی سزا کے ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے جرائم متاثرین کی زندگیاں تباہ کرتے، خاندانوں کو بکھیرتے اور معاشروں میں دیرپا زخم چھوڑ جاتے ہیں۔ پاکستان نے مطالبہ کیا کہ سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود تمام مسلح تنازعات اور غیر ملکی قبضے کی صورتحال میں یکساں احتساب کو یقینی بنایا جائے۔
عاصم افتخار احمد نے متاثرین کے لیے طبی، نفسیاتی، قانونی اور معاشی معاونت کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ انصاف، تحفظ اور وقار کی بحالی عالمی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔








