امریکی قونصل خانے کے وفد کا ای پی اے پنجاب کا دورہ، ماحولیاتی اقدامات کو سراہا گیا

امریکی قونصل خانے کے وفد کا ای پی اے پنجاب کا دورہ، ماحولیاتی اقدامات کو سراہا گیا

لاہور: امریکی قونصل خانے کے وفد نے لاہور میں ماحولیاتی تحفظ کے ادارے (ای پی اے) پنجاب کا دورہ کیا، جہاں سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے وفد کو اسموگ کے خاتمے، فضائی آلودگی پر قابو پانے اور ماحول دوست اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر صوبائی وزرا اور ای پی اے کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

وفد نے ای پی اے کے کنٹرول روم، ایئر کوالٹی مینجمنٹ سسٹم، لائیو ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) مانیٹرنگ اور جدید نگرانی کے نظام کا تفصیلی جائزہ لیا۔ امریکی وفد کو فضائی آلودگی کی نگرانی، ڈیٹا جمع کرنے کے نظام اور اسموگ پر قابو پانے کے لیے اختیار کی گئی حکمت عملی سے بھی آگاہ کیا گیا۔

بریفنگ کے دوران مریم اورنگزیب نے کہا کہ نومبر 2024 میں لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں شمار ہوتا تھا، تاہم وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر مربوط حکمت عملی، مؤثر اقدامات اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے فضائی آلودگی کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے ای پی اے کو جدید آلات، اضافی وسائل اور انتظامی اختیارات فراہم کیے ہیں، جس کے نتیجے میں ادارے کی کارکردگی بہتر ہوئی اور فضائی آلودگی پر مؤثر نگرانی ممکن بنائی گئی۔ حکومت صنعتی آلودگی، دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں، فصلوں کی باقیات جلانے اور دیگر ماحولیاتی آلودگی کے ذرائع کے خلاف بھی مسلسل کارروائیاں کر رہی ہے۔

امریکی قونصل خانے کے وفد نے پنجاب حکومت کے ماحولیاتی تحفظ کے اقدامات، جدید مانیٹرنگ سسٹم اور ادارہ جاتی اصلاحات کو سراہتے ہوئے ماحولیاتی تحفظ کے شعبے میں تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ وفد نے کہا کہ فضائی آلودگی جیسے چیلنج سے نمٹنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور مؤثر پالیسی سازی نہایت اہم ہے۔

ماہرین کے مطابق فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لیے جدید نگرانی کے نظام، مؤثر قانون سازی اور متعلقہ اداروں کے درمیان بہتر رابطہ ناگزیر ہے، جبکہ پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ شہریوں کو صاف ماحول کی فراہمی کے لیے اقدامات کا سلسلہ مزید مؤثر انداز میں جاری رکھا جائے گا۔

More News