ہنگو میں ایف سی قلعے پر قبضے کا دعویٰ بے بنیاد قرار، سکیورٹی ذرائع نے تردید کر دی
ہنگو: ضلع ہنگو میں فیڈرل کانسٹیبلری (ایف سی) کے ایک قلعے پر قبضے سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے دعوے کو سکیورٹی ذرائع نے بے بنیاد اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو کے ذریعے یہ تاثر دینے کی کوشش کی گئی کہ مسلح عناصر نے سکیورٹی فورسز کے ایک اہم ٹھکانے پر کنٹرول حاصل کر لیا ہے، تاہم زمینی حقائق اس دعوے کی تائید نہیں کرتے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قلعہ معمول کے مطابق اہلکاروں کی روٹیشن کے دوران مختصر وقت کے لیے خالی تھا، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے چند مسلح عناصر صرف ویڈیو بنانے کی غرض سے اندر داخل ہوئے اور سکیورٹی فورسز کی آمد سے قبل فرار ہو گئے۔
سکیورٹی ذرائع نے واضح کیا کہ قلعہ مکمل طور پر سکیورٹی فورسز کے کنٹرول میں ہے اور وہاں چاک و چوبند دستے تعینات ہیں۔
حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی غیر مصدقہ معلومات اور ویڈیوز پر یقین نہ کریں اور کسی بھی خبر کو شیئر کرنے سے پہلے مستند ذرائع سے اس کی تصدیق ضرور کریں۔








