وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے دوحہ میں امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ملاقات کرکے سابق امیرِ قطر شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کے انتقال پر دلی تعزیت اور افسوس کا اظہار کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے پاکستان کی حکومت، عوام اور اپنی جانب سے شاہی خاندان اور قطری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں پاکستان قطر کے ساتھ کھڑا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے مرحوم شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کی دوراندیش قیادت، غیر معمولی خدمات اور خطے کی ترقی و استحکام کے لیے ان کے کردار کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم سابق امیر کی قیادت میں قطر نے جدید، ترقی یافتہ اور خوشحال ریاست کی حیثیت اختیار کی اور عالمی سطح پر نمایاں مقام حاصل کیا۔ انہوں نے کہا کہ شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی نے نہ صرف قطر کی معاشی اور سماجی ترقی میں تاریخی کردار ادا کیا بلکہ خطے میں امن، استحکام، سفارت کاری اور باہمی تعاون کے فروغ کے لیے بھی قابلِ قدر خدمات انجام دیں، جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ مرحوم سابق امیر کی پاکستان سے خصوصی وابستگی، پاکستانی عوام کے لیے محبت، گرمجوشی اور خیرسگالی ہمیشہ دونوں ممالک کے تعلقات کی مضبوط بنیاد رہی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان قطر کے ساتھ اپنے دیرینہ، برادرانہ اور باہمی احترام پر مبنی تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور مستقبل میں بھی دونوں ممالک مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے پرعزم ہیں۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے مرحوم شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، جبکہ شاہی خاندان، امیرِ قطر اور قطری عوام کو یہ ناقابلِ تلافی صدمہ صبر و حوصلے کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق دے۔
ملاقات کے دوران امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے وزیراعظم شہباز شریف، نواز شریف اور پاکستانی وفد کی دوحہ آمد پر اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس مشکل وقت میں پاکستان کی قیادت کی جانب سے تعزیت کے لیے خصوصی طور پر دوحہ آنا دونوں ممالک کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات، باہمی اعتماد اور خلوص کی عکاسی کرتا ہے۔ امیرِ قطر نے پاکستان کے عوام اور قیادت کی جانب سے اظہارِ ہمدردی کو سراہتے ہوئے کہا کہ قطر پاکستان کے ساتھ اپنے تاریخی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان دوستی، تعاون اور شراکت داری آئندہ بھی مزید مضبوط ہوتی رہے گی۔








