پشاور میں گندم کی قیمت ساڑھے 4 ہزار روپے سے تجاوز، آٹا مزید مہنگا ہونے کا خدشہ
پشاور: پشاور میں گندم کی قیمتیں بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں، جہاں 40 کلوگرام گندم کی قیمت ساڑھے 4 ہزار روپے سے تجاوز کر گئی ہے، جس کے باعث آٹے سمیت دیگر اشیائے خورونوش مزید مہنگی ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔
ذرائع کے مطابق گندم کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث پشاور ملک کے مہنگے ترین شہروں میں شامل ہو گیا ہے، جبکہ بڑھتی مہنگائی نے خصوصاً متوسط اور کم آمدن طبقے کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔
ملک کے دیگر شہروں میں بھی گندم کے نرخ بلند ہیں۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میں نئی گندم 4 ہزار 400 سے 4 ہزار 425 روپے، واہ کینٹ میں 4 ہزار 450 سے 4 ہزار 470 روپے، جبکہ لاہور میں 4 ہزار 250 سے 4 ہزار 275 روپے فی 40 کلوگرام فروخت ہو رہی ہے۔
سندھ میں کراچی، حیدرآباد اور نوری آباد میں بھی گندم کی قیمتیں بلند سطح پر برقرار ہیں، جہاں نئی گندم 100 کلوگرام کے حساب سے 11 ہزار 450 سے 11 ہزار 650 روپے تک فروخت کی جا رہی ہے۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر گندم کی قیمتوں میں اضافے کا موجودہ رجحان برقرار رہا تو آٹے اور دیگر بنیادی اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے، جس سے عوام پر مہنگائی کا دباؤ مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔








