مریم نواز کے صاف پانی منصوبے میں تیزی، محروم علاقوں میں فلٹریشن اور بوٹلنگ پلانٹس کی منظوری
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے کے محروم علاقوں میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی، غیر فعال فلٹریشن پلانٹس کی بحالی، سیلاب سے بچاؤ کے منصوبوں اور جدید تعلیمی اداروں کے قیام کے لیے اہم احکامات جاری کر دیے۔
وزیراعلیٰ کی زیر صدارت فلٹریشن پلانٹس کی بحالی سے متعلق اجلاس میں تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنے اضلاع میں صاف پانی سے محروم علاقوں کی نشاندہی کرکے فوری رپورٹ پیش کریں، خصوصاً ایسے علاقوں پر توجہ دی جائے جہاں شہریوں کو پانی کے حصول کے لیے طویل فاصلے طے کرنا پڑتے ہیں۔
مریم نواز شریف نے خوشاب، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور اور رحیم یار خان کے ڈپٹی کمشنرز سے پانی کی صورتحال پر فوری رپورٹس بھی طلب کر لیں۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ان متاثرہ اضلاع میں پانی کے بوٹلنگ پلانٹس فعال کر دیے گئے ہیں، جہاں سے پانی بوتلوں میں بھر کر ٹرکوں کے ذریعے دور دراز آبادیوں تک پہنچایا جائے گا۔ خوشاب کا پلانٹ فی گھنٹہ 50 ہزار بوتلیں تیار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
اجلاس میں “وزیراعلیٰ پنجاب کلین ڈرنکنگ واٹر پروجیکٹ” کے تحت مزید چار بوٹلنگ پلانٹس لگانے کی منظوری بھی دی گئی۔
بریفنگ کے مطابق پورے پنجاب میں مجموعی طور پر 2 ہزار 258 فلٹریشن پلانٹس نصب کیے جائیں گے، جبکہ بہاولپور ڈویژن میں 22 اور راجن پور میں 10 کلسٹر بیسڈ واٹر پلانٹس اسٹوریج ٹینکوں سمیت قائم کیے جائیں گے تاکہ شہریوں کو صاف اور محفوظ پینے کا پانی فراہم کیا جا سکے۔








