فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا پورٹریٹ سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گیا
اسلام آباد: سوشل میڈیا پر ایک مصور کی جانب سے تیار کیا گیا فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا پورٹریٹ تیزی سے وائرل ہو رہا ہے، جسے صارفین کی جانب سے خوب سراہا جا رہا ہے۔
وائرل ویڈیو میں مصور کو نہایت باریک بینی اور مہارت کے ساتھ پورٹریٹ کو آخری شکل دیتے دیکھا جا سکتا ہے۔ پورٹریٹ میں فوجی وردی، سینے پر سجے تمغوں، اعزازات اور چہرے کے تاثرات سمیت مختلف جزئیات کو انتہائی نفاست سے نمایاں کیا گیا ہے۔
سوشل میڈیا پر متعدد صارفین نے مصور کی تخلیقی صلاحیتوں اور محنت کو سراہتے ہوئے اس فن پارے کو حقیقت سے قریب اور اعلیٰ معیار کا نمونہ قرار دیا ہے۔
ویڈیو وائرل ہونے کے بعد مختلف پلیٹ فارمز پر صارفین کی جانب سے تبصروں کا سلسلہ جاری ہے، جہاں کئی افراد نے رنگوں کے استعمال، باریک کاریگری اور پورٹریٹ کی مجموعی پیشکش کو قابلِ تعریف قرار دیا۔








