پشاور: تہکال پایان میں گھر میں آتشزدگی، میاں بیوی سمیت 4 بچوں سمیت 6 افراد جاں بحق
پشاور: شہر کے علاقے تہکال پایان میں ایک رہائشی مکان میں خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں میاں، بیوی اور ان کے چار کمسن بچے شامل ہیں، جس سے علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی۔
ریسکیو 1122 حکام کے مطابق آگ مکان کے اس حصے میں بھڑکی جہاں فرنیچر اور دیگر گھریلو سامان رکھا ہوا تھا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق متاثرہ افراد کی اموات آگ کی شدید تپش اور دھوئیں میں دم گھٹنے کے باعث ہوئیں۔
ریسکیو ٹیموں نے اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں اور آگ پر قابو پالیا، تاہم اس وقت تک گھر میں موجود تمام چھ افراد جان کی بازی ہار چکے تھے۔
ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق افراد کی شناخت سراج، ان کی اہلیہ، حنایا، حریرہ، منہال اور حسنین کے ناموں سے ہوئی ہے۔ لاشوں کو ضروری قانونی کارروائی کے بعد اسپتال منتقل کر دیا گیا، جبکہ اہل خانہ اور علاقے کے مکین غم سے نڈھال ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی اصل وجہ تاحال سامنے نہیں آ سکی۔ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور ماہرین آگ لگنے کی وجوہات کا تعین کرنے کے لیے شواہد اکٹھے کر رہے ہیں۔ ابتدائی رپورٹ آنے کے بعد مزید حقائق سامنے آنے کی توقع ہے۔








